جامعہ مسجد منہاج القرآن انٹرنیشنل برلن میں نماز عید الاضحیٰ کے موقع پر شاندار اجتماع

جرمنی میں منہاج القرآن انٹرنیشنل برلن میں 27 نومبر 2009ء کو عید الاضحی بڑی سادگی مگر جوش و خروش سے منائی گئی۔ جرمنی میں اس سال اہل سنت و الجماعت، دیو بندی اور اہل حدیث کا ایک ہی دن عید منانے کا فیصلہ انتہائی خوش آئند اور قابل تقلید تھا۔ اس سلسلہ میں ادارہ منہاج القرآن برلن کے پروگرام کے تحت 27 نومبر 2009ء کوصبح 9 بجے نماز عید پڑھائی گئی۔ منہاج القرآن انٹرنیشنل کے سفیر یورپ حافظ نذیر احمد قادری نے برلن میں پاکستانیوں کی سب سے بڑی جامع مسجد منہاج القرآن میں عید الاضحی کی نماز پڑھائی۔ مسجد مرد و خواتین نمازیوں کی کثیر تعداد سے بھری ہوئی تھی۔ عیدالاضحی کے اس اجتماع میں اتحاد بین المسلمین کا عظیم الشان مظاہرہ دیکھنے میں آیا۔ اس موقع پر پاکستانیوں، بنگالیوں، سری لنکن، دیگر مسلم ممالک سے مسلمانوں کے علاوہ نو مسلم جرمنوں اور افریقنز نے بھی نماز عید ادا کی۔

سفیر یورپ حافظ نذیر احمد قادری نے قربانی کے موضوع پر سحر انگیز خطاب کیا۔ انہوں نے قر بانی کی اہمیت، جزاء اور فضیلت پر روشنی ڈالی اور کہا کہ عید الاضحی حضرت اسماعیل علیہ السلام کی قربانی اور حضرت ابراہیم علیہ السلام کی اللہ کے احکامات کی پابندی کی عظیم مثال ہے۔ جس کی یاد ہم ہر سال جانوروں کی قربانی دے کر مناتے ہیں۔

نماز کے بعد عید کا خطبہ دیا گیا اور اجتماعی دعا کی گئی جس میں دنیا بھر میں امن و استحکام، سلامتی، خوشحالی اور بھائی چارے کے لئے دعائیں بھی شامل تھیں۔ دعائے خیر کے اختتام پر سب مسلمان بھائیوں نے روایتی طریقے سے ایک دوسرے کو گلے لگا کر مبارکباد دی۔ اس موقع پر منہاج القرآن انٹرنیشنل برلن کی انتظامیہ کی طرف سے تمام نمازیوں کو میٹھی سویوں کی ڈش بھی پیش کی گئی۔

نماز عید الاضحیٰ کے بعد حافظ نذیر احمد سے عید ملنے والوں کا تانتا بندھ گیا۔ لوگ ان سے مسئلے مسائل پوچھنے کے لئے نماز جمعہ تک لائبریری بیٹھے رہے۔ حافظ نذیر احمد اپنے دلنشیں، دھیمے، دل پذیر لہجے اور صلح کن انداز کی وجہ سے ہر طبقہ خیال میں مقبول ہیں۔ ان کی مسلسل برلن آمد اور قیام کی وجہ سے ادارہ منہاج القرآن برلن کی رونقیں بڑی تیزی سے بحال ہو رہی ہیں جس کا بھر پور مظاہرہ اس عید الاضحیٰ پر دیکھنے میں آیا۔

اس عید کی ایک خاص بات یہ تھی کہ گزشتہ سالوں کے مقابلے میں اس دفعہ بہت زیادہ مسلمان بھائی بہنوں نے منہاج القرآن انٹرنیشنل کی اپیل پر لبیک کہتے ہوئے گائے، بکرے اور مینڈھے کی قربانی کے لئے اپنا حصہ ڈالا۔ اس قربانی کا گوشت پاکستان میں غرباء کیلئے مختص تھا۔ جہاں ملک کے تمام بڑے شہروں میں یتامیٰ و مساکین کے لئےاجتماعی قربانی کا انتظام کیا گیا تھا۔

عید کے انتظامات میں صدر ادارہ فیض احمد، سینئر نائب صدر ندیم شاہ، جنرل سکریٹری محمد ارشاد، پریس سیکرٹری محمد آصف، فنانس سیکرٹری غلام حیدر خان، نائبین محمد رفیق و حاجی جاوید، خضر حیات تارڑ، صلاح الدین شیخ، غلام سرور مہر اور دیگر عہدیداران بھی شامل تھے۔ منہاج القرآن انٹرنیشنل کے میڈیا کوآرڈینیشن بیورو MCB، یورپ کے سرپرست، ایشین پیپلز نیوز ایجنسی، یورپ کے چیف ایگزیکیٹو اور ایشین جرمن رفاہی سوسائٹی کے چیئرمین محمد شکیل چغتائی نے بھی بمع اہل و عیال حافظ صاحب کی معیت میں نماز عید اور نماز جمعہ ادا کی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top