متناسب نمائندگی پر انتخابات سے عوامی قیادت سامنے آئے گی: شیخ زاہد فیاض

پاکستان عوامی تحریک کے چیف آرگنائزر شیخ زاہد فیاض کا کہنا ہے کہ ان کی جماعت ملک میں مڈٹرم الیکشن کے حق میں نہیں ہے بلکہ موجودہ حکومت کو اپنی مدت پوری کرنی چاہیے۔ پاکستان میں انتخابات جماعتی بنیادوں کی بجائے متناسب نمائندگی پرہونے چاہیے۔ یہ باتیں انہوں نے 3 جنوری 2009ء کو شب 10 بجے شروع ہونے والے ARY ون ورلڈ کے پروگرام "Q & A ود پی جے میر" میں گفتگو کرتے ہوئے کیں۔

شیخ زاہد فیاض نے کہا کہ بدقسمتی سے پاکستان کے انتخابی نظام سے منتخب ہونے والے ممبران صرف 28 یا 30 فیصد لوگوں کے نمائندے ہیں۔ اس کے علاوہ ملک کے 70 فیصد عوام موجودہ انتخابی نظام کو ٹھکرا چکے ہیں اور اس وجہ سے وہ انتخابات میں حصہ ہی نہیں لیتے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ملک میں آج الیکشن ہوں اور اسے جماعتی بنیادوں کی بجائے متناسب نمائندگی پر کرایا جائے تو اس سے نہ صرف یہ 70 فیصد عوام بھی اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے بلکہ اس سے ان سیاسی پارٹیز کو سامنے آنے کا موقع ملے گا جو عوام اور غریب کی نمائندہ ہیں۔ یہ سیاسی جماعتیں صرف فرسودہ انتخابی نظام کی وجہ سے برسر اقتدار نہیں آ سکیں۔

انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے ہمارے ملک کانظام انتخابات ایسا ہے کہ اس میں صرف مخصوص طبقہ ووٹ کاسٹ کر کے ہر بار اپنی پسند کے لوگوں کو سامنے لا رہا ہے۔ ہر مرتبہ الیکشنز میں دو مخصوص جماعتوں کے نمائندے سامنے آ رہے ہیں، اس کا یہ مطلب نہیں کہ ملک میں کوئی تیسری قیادت موجودہ ہی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب الیکشنز ہوتے ہیں تو عوام ملک، اسلام اور انتخابی منشور سمیت تعمیر و ترقی کے تمام ایجنڈوں کو بھول کر صرف برادری ازم کو سامنے رکھ کر، وڈیرے اور جاگیردار طبقے کے نمائندوں کو ووٹ دیتے ہیں۔ یہ وہی قائدین ہیں جن کو عوام پہلے بھی منتخب کر چکی ہے۔ دوسری جانب یہ منتخب سیاسی جماعتیں اور قائدین اقتدار میں آ کر عوام کو بنیادی ضروریات زندگی کی سہولیات دینے میں ناکام ہو چکے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ آج ملک میں مہنگائی کا طوفان، بے روزگاری کا عروج، غربت کا راج اور عوامی سطح پر خوشحالی نہ ہونے کے برابر ہے۔

ایک سوال کے جواب میں شیخ زاہد فیاض نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک ملک میں جمہوری نظام اور جمہوریت کے فروغ پر بھرپور یقین رکھتی ہے۔ اس لیے موجودہ حکومت کو اپنی مدت پوری کرنی چاہیے۔ انہوں نے برملا کہا کہ پاکستان عوامی تحریک نے آج تک موجودہ حکومت گرانے کو ختم کرنے یا مڈ ٹرم الیکشن کی بات نہیں کی ہے بلکہ اس کا فیصلہ عوام کو کرنا ہے۔ اگر عوام حکومتی پالیسیوں سے مطمئن ہیں تو اس پر کسی کو اعتراض بھی نہیں ہونا چاہیے۔

شیخ زاہد فیاض نے کہا کہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی قیادت میں پاکستان عوامی تحریک ملک میں صحت مند سیاسی کلچر پر یقین رکھتی ہے۔ ہم کسی کو چور، لٹیرا کہنے کی رٹ پر یقین نہیں رکھتے بلکہ آئندہ انتخابات میں عوام کو خود اپنے ہی منتخب کیے ہوئے نمائندوں کا کڑا خود احتساب کرنا چاہیے۔ 45 منٹ جاری رہنے والے ٹی وی پروگرام میں دیگر رہنماؤں نے بھی اپنی اپنی پارٹیز کی پالیسی کو پیش کیا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top