حسين محي الدين قادري کے برطانيہ ميں مختلف پروگرامز میں خطابات

منہاج القرآن انٹرنیشنل کی فیڈرل کونسل کے صدر صاحبزادہ حسین محی الدین قادری نے دورہ برطانيہ ميں مختلف موضوعات اسلام، سوشلزم، شہادت امام حسین علیہ السلام اور دور حاضر کے تقاضے پر سلسلہ وار خطابات کيے ہيں۔ اس سلسلے ميں منہاج القرآن انٹرنيشنل برطانیہ نے جامع مسجد لوٹن، مرکزی جامع مسجد ہائی ویکمب اور کمیونٹی سنٹر نارتھ ہیمپٹن میں مختلف کانفرنسز اور سيمينارز کا انعقاد کيا تھا۔

"شہادت امام حسين کانفرنس" کے شرکاء سے اظہار خيال کرتے ہوئے حسين محي الدين قادري نے کہا کہ اسلام کي تاريخ ميں 14 سو سال کا طویل عرصہ گزر گیا لیکن مقام اہل بیت اور ذکر اہل بیت روز بروز بلند تر ہوتا جارہا ہے۔ اس کی خاص وجہ یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ اپنے نبی آخرالزمان اور ان کی آل پر درود و سلام بھیجتا ہے۔ اس ليے جس ذکر کو بلند کرنے کا ذمہ اللہ رب العزت خود لے لیں، اسے کوئي ختم نہيں کر سکتا۔ وہ ذکر کسی بغض یا حسد رکھنے والے فرقہ کی کم علمی کی وجہ سے بھي کم نہیں ہو سکتا۔

انہوں نے کہا کہ بدقسمتي سے آج دنيا ميں اسلام کے نام پر نفرت، تفریق اور فرقہ واریت کو ہوا دی جا رہي ہے۔ حالانکہ ذکر اہل بیت کے بغیر نماز بھی ممکن نہیں ہوتی لہذا اہل بیت سے محبت کو پوشیدہ نہ رکھا کرو بلکہ اس کا برملا اظہار کرنا ایمان کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ احیائےاسلام اور مقام مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی پاسداری کےلئے اہل بیت سے بڑی قربانی کسی نے نہیں دی۔ محبت مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور محبت اہل بیت رضوان اللہ علیہم ایک گلدستہ ہے۔ جس کو ٹکڑوں میں تقسیم کرنے والے دراصل محبت مصطفیٰ کےانکاری ہیں۔

انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ کو موجودہ دور میں درپیش مشکلات کا مقابلہ کرنے کے لئے بھی کربلا کے پيغام کو سامنے رکھنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ کو خود غرضی اور کوفی کردار سے الگ ہو کر احیائے اسلام اور مقام مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی پاسداری کے لئے متحد ہو کر جدوجہد کرنا ہوگي۔ اس کے لئے تعلیمات حسین علیہ السلام کو عملي طور پر اپنانا ہوگا۔ مسلمان نوجوان دنیاوی دولت کا پیچھا چھوڑ کر فکر حسین کے علمبردار بنیں۔

اس موقع پر منہاج القرآن انٹرنیشنل کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا کہ محبت اہل بیت صرف اہل ایمان کے نصیب میں ہے۔ اہل بیت سے بغض، منافق کی علامت جبکہ محبت، مومن ہونے کی علامات ہيں۔ تحریک منہاج القرآن موجودہ دور میں تجدید دین کی سب سےمنظم تحریک ہے جو شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی راہنمائی میں ذکر مصطفیٰ اور ذکر اہل بیت کو يکجا کر کے جدید دور کی تحقیق و اشاعت سے دنیا بھر میں اجاگر کررہی ہے۔

لوٹن، ہائی ویکمب اور نارتھ ہیمپٹن ميں ہونے والے ان پروگرامز ميں مقامی علماء کرام اور نعت خواں حضرات نے بھي شرکت کي۔ حسان منہاج محمد افضل نوشاہی نے نعت رسول مقبول اور امام عالیٰ مقام کی بارگاہ میں منقبت پیش کی۔ اس موقع پر حافظ سجاد حسین، علامہ صادق قریشی اور دیگر خطباء نے بھي اظہار خيال کيا۔

آفتاب بیگ۔ آکسفورڈر

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top