سمبٹریال میں درس عرفان القرآن کی افتتاحی تقریب

عرفان القرآن کمیٹی سمبڑیال اور نظامت دعوت و تربیت تحریک منہاج القرآن سمبڑیال کے زیر اہتمام 27 دسمبر 2009ء کو درس عرفان القرآن کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی۔ اس تقریب کو فورسٹار میرج ہال سمبڑیال میں منعقد کیا گیا۔ تقریب کی صدارت مرکزی ناظم دعوت علامہ مولانا ظہیر احمد نقشبندی نے کی جبکہ منہاج القرآن کے صوبائی ناظم تنظیمات سید توقیر شاہ مہمان خصوصی تھے۔ پروگرام میں علاقہ بھر سے سینکڑوں خواتین و حضرات نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ پروگرام کا باقاعدہ آغازتلاوت قرآن پاک اور نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے ہوا۔

عرفان القرآن کمیٹی (سمبڑیال) کے صدر ڈاکٹر محمد احسن ہاشمی نے خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے اپنی کمیٹی کی گذشتہ کارروائی اور آئندہ کا لائحہ عمل پیش کیا۔ اس موقع پر 12 علماء نے عرفان القرآن کمیٹی (سمبڑیال) میں شمولیت کا اعلان کیا۔ جن میں علامہ سید محمد بلال شاہ، علامہ غلام ذوالفقار، علامہ قاری ذکاء اللہ، علامہ قاری سخا محمد، مولانا نواز تبسم، قاری علامہ محمد علی نقشبندی، قاری محمداشفاق چشتی، قاری علامہ محمد منیر، علامہ آفتاب عالم شاہ، علامہ محمد یعقوب گجر، علامہ محمد اسلم اور علامہ قاری ابوبکر شامل ہیں۔

مرکزی ناظم دعوت علامہ ظہیر احمد نقشبندی نے شہادت امام حسین رضی اللہ عنہ کے موضوع پر خطاب کیا۔ انہوں نے قرآن اور صاحب قرآن سے تعلق کو لازمی قرار دیتے ہوئے کہا کہ سر حسین رضی اللہ عنہ نے نیزے کی نوک پر بھی قرآن سنایا۔ آج اسی تعلق کو مضبوط بنانے کے لئے عرفان القرآن کے دروس کا آغاز کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تحریک منہاج القرآن اسلام کی نشاط ثانیہ کی بحالی کے لیے اپنا کردار سر انجام دے رہی ہے اور آج بھی حسینی کردار کے ذریعے ہی تبدیلی ممکن ہے۔ تحریک منہاج القرآن سمبڑیال کے سرپرست اعلیٰ علامہ مولانا عبدالمجید ہاشمی نے اختتامی دعا کروائی۔ اس موقع پر اعلان کیا گیا کہ آئندہ ہر ماہ کی چوتھے اتوار کو دوپہر ڈیڑھ بجے سے ساڑھے 3 بجے تک عرفان القرآن کورس باقاعدہ طور پر ہوگا۔

(رپورٹ : محمد احمد ہاشمی منہاجین)

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top