اللہ نے صرف نصیحت و عبرت کیلئے قرآن کو آسان بنایا ہے، ہر مسلمان قرآن کو پڑھ کر جملہ احکام شرعی نہیں جان سکتا: ڈاکٹر محمد طاہرالقادری

حقیقت یہ ہے کہ اللہ نے صرف نصیحت و عبرت کیلئے قرآن کو آسان بنایا ہے، حدیث نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے بغیر قرآن سمجھا ہی نہیں جاسکتا
شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی کینڈا میں مسلم سکالرز کے وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو

ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کہا ہے کہ قرآن اور حدیث کے علم کے بغیر بعض لوگ مفکر اور محقق بن کر امت کو گمراہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قرآن مجید کی درجنوں اصطلاحات ہیں، یہ کہنا درست نہیں کہ قرآن نہایت آسان ہے اور ہر مسلمان اسے پڑھ کر جملہ احکام شرعی کو جان سکتا ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ اللہ نے صرف نصیحت و عبرت کیلئے قرآن کو آسان بنایا ہے۔ ڈائریکٹوریٹ آف میڈیا کو موصولہ اطلاعات کے مطابق وہ کینیڈا میں مسلم سکالرز کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ قرآن حکیم کے محکمات کو صاحبان علم سمجھتے ہیں، متشابہات عام صاحبان علم بھی نہیں سمجھ سکتے جبکہ حروف مقطعات کا علم صرف اللہ اور اسکے محبوب رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم جانتے ہیں یا ان وفاداروں اور رازداروں کو اسکا علم ہے جنہیں بارگاہ الٰہی اور رسالت مآب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے عطا ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قرآن متن اور حدیث اسکی شرح ہے۔ حدیث نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے بغیر قرآن سمجھا ہی نہیں جاسکتا، اسلیئے حدیث نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو مانے بغیر صرف قرآن کی بات کرنا گمراہی ہے۔ قرآن کا قرآن ہونا بھی تو حدیث سے ثابت ہے۔ مختلف ممالک کے آئین کی بھی تشریحات ہیں۔ افسوس آج قرآن کو آئین سے بھی کم تر سمجھ لیا گیا ہے۔ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا کہ منکرین حدیث یہ دلیل پیش کرتے ہیں کہ کتب حدیث تو آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ظاہری حیات کے 250 سال بعد لکھی گئیں، ایسا کہنے والے جاہل اور بدطینت ہیں۔ حقیقت یہ ہے کہ احادیث آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے زمانے میں آپکی موجودگی میں لکھی گئیں اور ان کے مجموعے اور ذخیرے بنائے گئے۔ صحیح بخاری سے قبل صحابہ، تابعین، تبع تابعین کے پاس احادیث کے 150 تحریری مسودے اور کتابیں موجود تھیں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top