اولیاء اللہ نے ہمیشہ امن و محبت کے پیغام کو فروغ دیا ہے : سید فرحت حسین
اللہ والے انسانیت کی فلاح و بہبود اللہ تعالی کی رضا کے لیے
کرتے ہیں
منہاج القرآن علماء کونسل کے مرکزی ناظم سید فرحت حسین شاہ کا منعقدہ تقریب بعنوان
’’شان اولیاء اللہ ‘‘ سے خطاب
منہاج القرآن علماء کونسل کے مرکزی ناظم سید فرحت حسین شاہ نے کہا ہے کہ اولیاء اللہ نے ہمیشہ امن و محبت کے پیغام کو فروغ دیا ہے کیونکہ امن و محبت دین اسلام کی بنیاد اور روح ہے۔ اللہ والے انسانیت کی فلاح و بہبود اللہ تعالی کی رضا کے لیے کرتے ہیں۔ اولیاء اللہ ہی وہ ہستیاں ہیں جنہوں نے دین اسلام کی تعلیمات کی روشنی سے اپنے کردار منور کئے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز منہاج القرآن علماء کونسل کے زیر اہتمام تحریک منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں منعقدہ تقریب ’’شان اولیاء اللہ ‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر علامہ میر محمد آصف اکبر، مولانا محمد عثمان سیالوی، علامہ نصیر احمد صدیقی اور صاحبزادہ محمد حسین آزاد بھی موجود تھے۔ سید فرحت حسین شاہ نے کہا کہ سیاسی اسلام کو کئی مرتبہ زوال آیا مگر روحانی اسلام ہمیشہ تاریخ کے ماتھے پر چمکتا رہا۔ وہ لوگ جو تصوف اور روحانی اسلام کو تنقید کا نشانہ بناتے ہیں وہ اسلام کی اصل تعلیمات سے بے بہرہ ہیں کیونکہ تصوف اور روحانیت کا تعلق قرآن و سنت سے ہے۔ جس تصوف اور روحانیت کا تعلق قرآن و سنت سے نہیں وہ الحاد کے سوا کچھ نہیں۔ فرحت حسین شاہ نے کہا کہ اولیاء اللہ کی تعلیمات قرآن و سنت کی پیروی کی روشنی میں سمجھی جا سکتی ہے کیونکہ اللہ تعالیٰ نے قرآن پاک میں کثرت سے اولیاء اللہ کا ذکر کیا ہے اور ان کی شان بیان کی۔ اسی طرح حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے احادیث مبارکہ میں اولیاء اللہ کی شان اور صفات بیان کی ہیں۔ انہوں نے اسی پیغام کو فروغ دیا جو قرآن و سنت سے پھوٹتا ہے۔ اولیاء اللہ نے اپنی زندگی رضا الہی اور حضورا کرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی محبت اور مخلوق کی خدمت کے لیے وقف کی ہوتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اولیاء اللہ کا جینا اور مرنا اللہ تعالیٰ کے لیے ہوتا ہے۔
تبصرہ