مغربی تعلیم آخرت کے تصور سے محروم ہے مگر اسلامی تعلیم دنیا اور آخرت کی کامیابی کی ضمانت ہے : ڈاکٹر رحیق احمد عباسی

جن معاشروں کے تعلیمی ادارے اپنی ذمہ داریاں صحیح نبھاتے ہیں، ان معاشروں میں اچھے اور اہل افراد کی کمی نہیں ہوتی
منہاج یونیورسٹی لاہور سے فارغ التحصیل ہونے والے طلبہ کی الوادعی پارٹی کی تقریب سے مقررین کا خطاب

تحریک منہاج القرآن کے ناظم اعلیٰ اور منہاج یونیورسٹی لاہور کے کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز کے پرنسپل ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا کہ علم معاشرے کو امن، استحکام اور یکجہتی عطا کرتا ہے۔ جہالت معاشرے کو فکری انتشار، کرپشن اور محرومی دیتی ہے۔ جن معاشروں کے تعلیمی ادارے اپنی ذمہ داریاں صحیح نبھاتے ہیں، ان معاشروں میں اچھے اور اہل افراد کی کمی نہیں ہوتی۔ ہم نے تعلیم و تربیت کو نظر انداز کیا، ترقی اور کامیابی ہم سے روٹھ گئی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ دنوں تحریک منہاج القرآن انٹرنیشنل کے تحت چلنے والی دی منہاج یونیورسٹی لاہور سے فارغ التحصیل ہونے والے طلبہ کی الوادعی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وائس پرنسپل کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز ڈاکٹر ظہور اللہ الازہری، شیخ الفقہ مفتی عبدالقیوم ہزاروی، شیخ اللغہ و ادب پروفیسر محمد نواز ظفر نے بھی خطاب کیا۔ علاوہ ازیں سیکرٹری کوآرڈینیشن محمد عباس نقشبندی، رانا محمد ادریس، غلام مرتضیٰ علوی، ڈپٹی ڈائریکٹر میڈیا محمد لطیف مدنی، ڈاکٹر اصغر جاوید الازہری، ارشاد سعیدی، پروفیسر ممتاز الحسن باروی، صابر حسین نقشبندی، عبد القدوس درانی، شبیر احمد جامی، عبد الوحید، ظفر اقبال، کاشف بھٹی، غلام مجتبیٰ طاہر ایڈووکیٹ اور اساتذہ کرام کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلام سب سے زیادہ زور حصول علم پر دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر پہلی وحی کا آغاز بھی تعلیم کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ غار حرا سے پھوٹنے والی علم کی روشنی نے کائنات کو بقعہ نور بنا دیا۔ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا علم حاصل کرو بے شک تمہیں چین ہی کیوں نہ جانا پڑے۔ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا میں تمہاری طرف صرف معلم ہی تو بن کر آیا ہوں۔ علم پڑھنے اور پڑھانے والا فرد سب سے اچھا ہوتا ہے۔ محد سے لحد تک تعلیم حاصل کرو۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسلامی حکومت کی اولین ذمہ داری ہے کہ تعلیم عام اور سستی کرے تاکہ ہر کوئی حاصل کرسکے۔ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا کہ مغربی تعلیم صرف مادی ترقی کا باعث بنتی ہے جبکہ اسلامی تعلیم انسان کے مادی اور روحانی دونوں پہلوؤں کی سیرابی کا باعث بنتی ہے۔ مغربی تعلیم آخرت کے تصور سے محروم ہے مگر اسلامی تعلیم دنیا اور آخرت کی کامیابی کی ضمانت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی تعلیمات سے دوری معاشرے کے افراد کو بے مقصد بنا رہی ہے۔ اسلام، جدید آلات کے استعمال کے خلاف نہیں۔ ان کے مثبت استعمال کی دعوت دیتا ہے اور حکم بھی دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ طالب علم جدید تعلیم حاصل کریں۔ علم کے جدید سارے ذرائع استعمال میں لائیں۔ موبائل، ٹی وی، کمپیوٹر، انٹرنیٹ ٹیکنالوجی سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔ ان سے اسلامی نظریہ کا کوئی ٹکراؤ نہیں ہے۔ ٹکراؤ ان کے غلط استعمال پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقوام کی ترقی اور عروج میں تعلیمی ادارے ہمیشہ اہم اور فیصلہ کن کردار ادا کرتے ہیں۔ انہی اداروں کی آغوش میں مستقبل کے معمار پرورش پاتے ہیں۔ انہی فضاؤں میں شاہین بچے پرواز کرنا سیکھتے ہیں۔ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا کہ ملت اسلامیہ کے عروج اور عظمت کی تاریخ ماضی میں مدینہ منورہ کی صفہ یونیورسٹی، بغداد کی جامعہ نظامیہ، قاہرہ کی جامعہ الازہر قرطبہ اور غرناطہ کی عظیم دانش گاہوں میں رقم کی گئی ہے۔ یہ انہی درسگاہوں کا فیضان تھا کہ مسلمان صدیوں تک دنیا میں غالب اور زندہ قوت تسلیم کیے جاتے رہے۔ دور حاضر میں تحریک منہاج القرآن کے تحت دنیا بھر میں قائم ہونے والی جامعات، کالجز اور سکولز ان اداروں کا ایک تاریخی تسلسل ہیں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top