منہاج القرآن انٹرنیشنل ہانگ کانگ کے زیراہتمام تقریب تقسیم اسناد

منہاج القرآن انٹرنیشنل ہانگ کانگ کے زیراہتمام 15 نومبر 2009ء کو تقریب تقسیم اسناد منعقد ہوئی۔ اس تقریب کو شیک لی کمیونٹی ہال میں منعقد کیا گیا۔ اس میں منہاج القرآن اسلامک سنٹرز میں ناظرہ قرآن مجید مکمل کرنے والے طلبہ و طالبات کو سرٹیفکیٹس دیئے گئے۔ پروگرام میں مردوں کے علاوہ خواتین کی کثیر تعداد موجود تھی۔ ہانگ کانگ کے پولیس افسران، سوشل ورکرز اور مختلف کمیونیٹیز کے راہنما بھی معزز مہانوں میں شامل تھے۔

تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام مجید سے ہوا، جس کی سعادت سید مستجاب حسین شاہ نے حاصل کی۔ وقاص قمر اور منہاج القرآن اسلامک سنٹر کے طلبہ و طالبات نے گروپس کی صورت میں بارگاہ رسالت مآب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں ہدیہ نعت پیش کیا۔

ادارہ منہاج القرآن ہانگ کانگ کے صدر ایم آئی ایس باچہ نے اظہار خیال کرتے ہوئے ہانگ کانگ میں ادارہ منہاج القرآن کے قیام سے لے کر اب تک کی کارکردگی پر بریفنگ دی۔ انھوں نے تقریب کے شرکاء اور تمام معزز مہمانان گرامی کا شکریہ بھی ادا کیا۔

حافظ محمد نسیم نقشبندی نے اپنے خطاب میں کہا کہ مسلمان آج اسلامی تعلیم سے دور ہوتے جا رہے ہیں، جو ہمارے معاشرے میں بگاڑ کا سبب بن رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی تعلیم کے تصور کو عام اور اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔ تعلیم ہی کے ذریعے سے مسلمان اپنا کھویا ہوا وقار حاصل کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام نے علم کا حصول ہر مسلمان مرد و عورت پر فرض کر دیا ہے اور منہاج القرآن دنیا بھر میں فروغ علم اور جہالت کے خاتمہ کے لئے مصروف عمل ہے۔

خطاب کے بعد حافظ نسیم نقشبندی نے ناظرہ قرآن مجید مکمل کرنے والے 50 سے زائد طلباء وطالبات میں سرٹیفکیٹس تقسیم کئے۔ تقریب میں پروجیکٹر کے ذریعے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کا خطاب بذریعہ ویڈیو کانفرنسنگ دکھایا گیا۔ آپ نے اپنے خطاب میں اس تقریب کے انعقاد پر منہاج القرآن انٹرنیشنل ہانگ کانگ کے قائدین کو مبارکباد پیش کی۔ سٹیج سیکرٹری کے فرائض حفیظ محمد اور رضوان اللہ نے سر انجام دیئے۔ آخر میں حاضرین کے لئے کھانے کا اہتمام بھی کیا گیا تھا۔

رپورٹ: محمد نسیم نقشبندی (ہانگ کانگ)

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top