سائنس و تکنیکی علوم میں دسترس حاصل کر کے اس مملکت خداداد کو سنوارنا ہوگا : حسین محی الدین

بھارت اور پاکستان کے مابین روابط اور قیام امن کے لیے مسئلہ کشمیر کا حل ضروری ہے : امجد حسین جٹ
کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے زمینی حقائق اور تقاضوں کو سامنے رکھتے ہوئے آگے بڑھنا ہو گا
مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے زیر اہتمام یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر طلبہ تنظیموں کے قائدین کا خطاب

صرف بندوقیں اٹھانا ہی آقا کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا پیغا م نہیں۔ ہمیں سائنس و تکنیکی علوم میں دسترس حاصل کر کے اس مملکت خداداد کو سنوارنا ہوگا۔ مسئلہ کشمیر احتجاجی جلسوں، جذباتی نعروں یا ریلیوں سے حل نہیں ہو گا بلکہ اس کے حل کے لیے ہمیں وطن عزیز کو جدید دور کے تقاضوں کے مطابق اس کمال پر پہنچانا ہوگا جہاں ہرکوئی ہماری بات سنے اور اسے اہمیت دے۔ان خیالات کا ساظہار تحریک منہاج القرآن کی مجلس شوری کے صدر صاحبزادہ حسین محی الدین قادری نے یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ (MSM) کے زیر اہتمام منعقدہ سیمینار بعنوان ’’مسئلہ کشمیر کا حل ‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ گھمبیر سے گھمبیر مسائل کا حل بھی مذاکرات ہیں اور مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے بھی بھارت کا پرخلوص ہونا شرط ہے۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے مرکزی صدر چوہدری امجد حسین جٹ نے کہا کہ بھارت اور پاکستان کے مابین روابط اور مستقل پرامن تعلقات کے لیے مسئلہ کشمیر کا حل ہونا ضروری ہے لیکن بھارت کی جانب سے کبھی اس مسئلے کے حل کے لیے سنجیدگی نظر نہیں آتی۔ وہ ہمیشہ مقبوضہ کشمیر کو اپنا اٹوٹ انگ قرار دیتا ہے جبکہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو چاہیے کہ وہ اس اہم عالمی مسئلے کے حل کے لیے جس کی وجہ سے دونوں ممالک میں تین جنگیں ہو چکی ہیں عالمی سطح پر بھر پور طریقے سے اٹھائے اور اس کے ساتھ ساتھ بھارت پر یہ مسئلہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے پر زور ڈالے۔ سیمینار سے مرکزی صدر پی ایس ایف (PSF) راحیل شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہ بھارت اور پاکستان کے مابین سب سے بڑا تنازعہ کشمیر ہے۔ مرکزی صدر جمعیت طلباء اسلام غازی الدین نے کہا کہ ہم نے مسئلہ کشمیر کے حل کے حوالے سے بہت وقت ضائع کر دیا۔ کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے زمینی حقائق اور تقاضوں کو سامنے رکھتے ہوئے آگے بڑھنا ہو گا۔ سید حسن کاظمی صدر آئی ایس او نے کہا کہ کشمیر پاکستان کا حصہ ہے اور بھارت اپنے مفادات کے لیے کشمیر کے دریاؤں پر قابض ہو کر وہاں ڈیم تعمیر کر کے عملاً پاکستان کو ناکارہ بنانے کی سازش کر رہا ہے۔ سیمینار میں پاکستان کی تمام طلبہ تنظیموں کے قائدین اور طلبہ نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ سیمینار سے قائداعظم لاء کالج سے حامد شاہ، علامہ اقبال میڈیکل سے عبدالباسط، صدر آئی ایس ایف احمد معاذ، اے ایس ایف کے حافظ عثمان، محمد لطیف مدنی (سابق صدر متحدہ طلباء محاذ، حافظ تجمل حسین، ساجد گوندل (سیکرٹری جنرل ایم ایس ایم)، اسلامی تحریک طلباء کے سربراہ غلام عباس، محمد صدیق جان، اے ٹی آئی کے منیر چوہدری و دیگر نے بھی خطاب کیا۔ آخر میں کشمیر اور عالم اسلام کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top