صاحبزادہ حسن محی الدین قادری کی جامعہ الازھر کے چانسلر سے ملاقات

منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے صدر صاحبزادہ حسن محی الدین قادری نے 17 جنوری 2010ء کو جامعہ الازھر کے چانسلر ڈاکٹر احمد طیب سے ملاقات کی۔ عالم اسلام کی عظیم اور قدیم ترین یونیورسٹی میں اس ملاقات کا اہتمام خصوصی طور پر کیا گیا تھا۔ ملاقات میں تعلیمی حوالے سے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ حسن محی الدین قادری نے ڈاکٹر احمد طیب کو جامعۃ المنہاج اور جامعۃ الازہر کے دیرینہ تعلقات اور روابط پر شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی طرف سے نیک تمناؤں کا پیغام بھی پہنچایا۔ اس موقع پر جامعۃ الازہر کے چانسلر ڈاکٹر احمد طیب نے کہا کہ موجودہ دور میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے افکار سے رہنمائی لینا وقت کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جامعہ الازہر اور منہاج یونیورسٹی اسلام کا اعتدال پسند پیغام دنیا میں عام کر رہی ہے۔ یہ دونوں تعلیمی ادارے علم کے ذریعے آج دنیا سے تعصبات اور افراط و تفریط کی آگ بجھا رہے ہیں۔

اس ملاقات کے اختتام پر حسن محی الدین قادری نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی نئی عربی کتب کا سیٹ شیخ الجامعہ کو بطور تحفہ پیش کیا۔ تحفہ وصول کرنے پر ڈاکٹر احمد طیب نے حسن محی الدین قادری کا شکریہ ادا کیا۔ ملاقات میں جامعۃ الازہر میں تدریس کے شعبہ سے وابستہ ڈاکٹر غلام محمد قمر الازہری اور مصر میں موجود پاکستانی طلبہ اور ورلڈ ایسوسی ایشن فار ازہر گریجویشن کے مشترکہ نمائندہ اسد اللہ جان الازہری بھی موجود تھے۔ اس ملاقاتی نشست کے اختتام پر دعائے خیر بھی مانگی گئی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top