نظام عدل کو خلفائے راشدین کے طرز عمل پر استوار کرنے کی کوشش کریں : ڈاکٹر رحیق احمد عباسی

معاشرے کے مختلف طبقوں میں عدم مساوات کی خلیج بڑھنے سے پوری قوم تفریق و امتیاز کی لپیٹ میں آگئی ہے
ہمارے حکمرانوں اور سیاستدانوں کو قول و فعل میں مطابقت کے اصولوں کو اپنانا ہوگا۔
تحریک منہاج القرآن کے ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی کا منہاج یونیورسٹی میں خصوصی لیکچر

قانوں کی حکمرانی، آئین کی بالا دستی اور انصاف کی فراہمی ہی وہ واحد راستہ ہے جس سے جمہوری نظام اور ملکی اتحکام کے علاوہ گڈگورننس کو یقینی بنایا اور عام آدمی کے مسائل و مشکلات کو حل کیا جاسکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار تحریک منہاج القرآن کے ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے منہاج یونیورسٹی کے زیر اہتمام سیمینار بعنوان ’’انصاف کی فراہمی اور معاشی ترقی‘‘ میں خصوصی لیکچر دیتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ غریب اور پسماندہ طبقوں کی محرومیوں اور مایوسیوں میں اضافے کی وجہ سے ایک روشن خیال اور ترقی یافتہ اسلامی معاشرے کا قیام خواب بن کے رہ گیا ہے۔ معاشرے کے مختلف طبقوں کے درمیان عدم مساوات کی خلیج بڑھتی جا رہی ہے اور پوری قوم تفریق و امتیاز کی لپیٹ میں آگئی ہے جس سے معاشرتی، سماجی، نسلی اور لسانی اختلافات کو فروغ مل رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان آج جن بحرانوں کا شکار ہے اس کی بڑی وجہ بھی انصاف کی عدم فراہمی اور حکمرانوں و سیاستدانوں کا خود کو قانوں سے بالا تر سمجھنا ہے۔ قیام پاکستان سے لے کر آج تک ملک پر قابض طبقات کی جانب سے عدالت عظمیٰ کے فیصلوں کی واضح توہین نے ہمیشہ اداروں کے درمیان ٹکراؤ پیدا کیا ہے جس کے اثرات ملک و قوم پر تباہ کن مرتب ہوئے ہیں۔ اپنے لیکچر میں ناظم اعلیٰ نے کہا کہ اب بھی وقت ہے کہ حکمران اور سیاستدان پاکستان کو حقیقی معنوں میں ترقی یافتہ اور اسلام کا قلعہ بنانے کے لیے انصاف کی اہمیت کو تسلیم کریں۔ انہوں نے کہا کہ انصاف کا حصول اس وقت تک ممکن نہیں جب تک حکومت اور ریاست کو قانون اور انصاف کے دائرے میں نہیں لایا جاتا۔ ہمارے حکمرانوں اور سیاستدانوں کو قول و فعل میں مطابقت کے اصولوں کو اپنانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ حکمران، سیاستدان اور دیگر بالا دست طبقاء عدالت عظمیٰ کے فیصلوں پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے تعاون کرے اور نطام عدل کو خلفائے راشدین کے طرز عمل پر استوار کرنے کرنے کی کوشش کریں۔ آخر میں انہوں نے کہا کہ یہی وہ اوصاف ہیں جن سے حقیقی معنوں میں ملک کو انصاف کا گہوارہ بنا کرترقی اور خوشحالی کی منازل طے کی جا سکتی ہیں۔ سیمینار میں منہاج یونیورسٹی کے اساتذہ اور طلباء کی کثیرتعداد نے شرکت کی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top