جس معاشرے میں امن وسلامتی نہیں ہوتی اس معاشرے میں انسانیت کی تذلیل ہوتی ہے۔ ایم ایس ایم

حکومت کی ذمہ داری ہے کہ عوام کی بہتری اور فلاح کے لیے بہترین منصوبہ بندی کرے
علم ، کردار اور امن کی شمع جلائے بغیر انسانیت کا بھلا نہیں ہوسکتا
مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے زیر اہتمامسیمینار سے مقررین کا خطاب

مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے زیر اہتمام گزشتہ روزتحریک منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ میں ایک سیمینار بعنوان ’’امن وقت کی اہم ضرورت ہے ‘‘ منعقد ہوا جس کی صدارت مرکزی صدر امجد حسین جٹ نے کی ۔سیمینار میں منہاج یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر علی محمد، تحریک منہاج القرآن کے سینیئر نائب ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض ،سیکر ٹری جنرل ساجد گوندل ، ڈاکٹر تنویر اعظم سندھو ، میاں عبدالقادر، بلال مصطفوی ، صدیق جان ،عمران درویش اورثناءاللہ طاہری نے بھی خطاب کیا ۔سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر علی محمد نے کہا کہ انسانیت کی فلاح امن وسلامتی میں پنہاں ہے جس معاشرے میں امن وسلامتی نہیں ہوتی اس معاشرے میں انسانیت کی تذلیل ہوتی ہے ۔شیخ زاہد فیاض نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں بڑھتی ہوئی دہشت گردی امن کا تقاضاکرتی ہے ۔حکومت کی ذمہ داری ہے کہ عوام کی بہتری اور فلاح کے لیے بہترین منصوبہ بندی کرے۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کو ختم کرنے کے لیے حکومت سب کو ملا کرمضبوط اور ٹھوس بنیادوں پر کام کا آغاز کرے ۔سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مصطفوی سٹوڈنٹس کے سیکرٹری جنرل ساجد گوندل نے کہا کہ عالمی طاغوتی سازشوں کے حملہ سے امت مسلمہ پر ظلم اور جبر ہورہاہے عالمی قوتیں امت مسلمہ کو باعزت زندگی بسر کرنے کی اجازت نہیں دیناچاہتی ۔اسلام امن اور سلامتی کا دین ہے ۔دین اسلام کو بدنام کرنے کے لیے دہشت گردی کا الزام لگایا جارہا ہے یہ اسلام اور پاکستان کے خلاف عالمی قوتوں کی گھناؤنی سازش ہے ۔انہوں نے کہا کہ علم ، کردار اور امن کی شمع جلائے بغیر انسانیت کا بھلا نہیں ہوسکتا۔انہوں نے اپنے خطاب میں طلباء سے کہا کہ اگر آج آپ امن کے راستے پر نہیں چلیں گے تو ترقی نہیں کرسکیں گے آپ کی ترقی کا راز امن ہی میں ہے ۔ سیمینار میں طلباء کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top