حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت کے باعث انسانیت کو جینے کا سلیقہ نصیب ہوا : ڈاکٹر رحیق احمد عباسی

ہمیں اپنی تمام خوشیوں سے بڑھ کر آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت کا جشن منانا چاہیے: محمد ارشاد طاہر
تحریک منہاج القرآن لاہور کے زیر اہتمام بسلسلہ استقبال ربیع الاول مشعل بردار جلوس سے قائد ین کا خطاب

ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا ہے کہ آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے میلاد کا مہینہ ہر مسلمان کیلئے مسرت و شادمانی کا عظیم تحفہ لے کر آتا ہے۔ یہ مہینہ رحمتوں اور برکتوں کا ہے، ہر مسلمان کو محافل میلاد میں شر کت کر کے اپنے آقا و مولا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے محبت کا والہانہ اظہار کرنا چاہئے۔ وہ تحریک منہاج القرآن لاہور کے زیر اہتمام نکالے گئے مشعل بردار جلوس میں شریک ہزاروں عشاقان رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت کے باعث انسانیت کو جینے کا سلیقہ نصیب ہوا۔ کائنات کا وجود آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے میلاد کے باعث ہے۔ ہمارے تمام تر مسائل کا حل آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات سے تعلق عشق کی بحالی میں ہے اور اس تعلق کو بحال اور مضبوط کرنے کیلئے ماہ میلاد سے بڑ ھ کر کوئی اور وقت نہیں ہو سکتا۔ گلی گلی قریہ قریہ آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے محبت کا اظہار ہونا چاہئے۔ گھروں میں چراغاں کریں اور میلاد کا اہتمام کریں۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے امیر لاہور محمد ارشاد طاہر نے کہا کہ کائنات کی سب سے بڑی خوشی آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت ہے، ہمیں اپنی تمام خوشیوں سے بڑھ کر آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت کا جشن منانا چاہیے۔ اسی میں ہماری کامیابی ہے۔ اسلامی تعلیمات پر صحیح عمل صرف اسی طور ممکن ہے، جب ہم اپنے آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات سے اپنے تعلق کو مضبوط تر کریں گے اور اس تعلق کو مضبوط بنانے کا بہترین موسم ماہ ربیع الاول شریف ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کو جہالت کے اندھیروں سے نکال کر شعور و آگہی کا نور دینے والے مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت کا مہینہ آگیا ہے۔ اس ماہ دیوانہ وار خوشی کا اظہار کر کے اللہ کی عظیم نعمت پر شکر کریں۔ اس مو قع پر ناظم لاہور حفیظ اللہ جاوید نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہماری اجڑی زندگیوں میں بہار صرف آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات سے ٹوٹے ہوئے تعلق کو بحال کرنے سے ہی آسکتی ہے۔ ماہ میلادالنبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں عشق مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے جذبے کا بحال اور مضبوط بنانے کی محنت کرنا ہر مسلمان کا فرض ہونا چاہئے۔ مشعل بردار جلوس میں مشائخ عظام، جید علماء کرام، معروف مذہبی و سیاسی شخصیات، طلبہ و تاجر تنظیموں اور سکول کے بچوں کی کثیر تعداد نے بھی شرکت کی۔ ہزاروں شرکاء نے الیکٹرک مشعل اٹھا رکھی تھی۔ مشعل بردار جلوس لکشمی چوک، نسبت روڈ، میو ہسپتال چوک، لوہاری، اردو بازار، بھاٹی چوک سے ہوتا ہوا دربار داتا صاحب اختتام پذیر ہوا۔ جلوس کے تمام راستے شر کاء پر جگہ جگہ پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔ لوگوں نے چھتوں سے پھول نچھاور کرکے جلوس کا والہانہ استقبال کیا۔ سڑک کے دونوں اطراف میلاد البنی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے حوالے سے بینرز اور رنگ برنگے جھنڈے لگے ہوئے تھے۔ آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی میلاد کی خوشی میں درجنوں کبوتر آزاد کئے گئے۔ جلوس کے راستے میں درجنوں مقامات پر دودھ، شربت اور پانی کی سبیلیں بھی لگائی گئی تھیں۔ فضاء غلام غلام ہیں رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے غلام ہیں اور مرحباء مرحباء آمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم مرحباء کے مقدس نعروں سے گونج رہی تھی۔ جلوس میں مرکزی قائدین تحریک منہاج القرآن شیخ زاہد فیاض، احمد نواز انجم، پروفیسر ذوالفقار علی، چودھری محمود احمد، میاں طاہر یعقوب، حافظ محمد رمضان، میاں عبدالقادر، چودھری افضل گجر، محمد عثمان گجر، حاجی محمد اسحاق و دیگر نے خصوصی شرکت کی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top