ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی علمی اور تجدیدی خدمات عالم اسلام کے لیے تاریخی اثاثہ ہیں

ڈاکٹر محمد طاہرالقادری قدیم و جدید علوم قرآنیہ کا حسین امتزاج ہیں۔
ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی تصانیف دور حاضر میں اسلام کے خلاف ہونے والی سازشوں کا منہ توڑ جواب ہیں
ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی 59ویں سالگرہ کے موقع پران کی خدمات کے حوالے سے منعقدہ ایک تقریب سے مقررین کا خراج تحسین

منہاج القرآن علماء کونسل کے زیر اہتمام لاہور کے ایک مقامی ہال میں ایک تقریب ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی 59 ویں سالگرہ کے موقع پر انکی ملی، دینی، تصنیفی اور تحقیقی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے منعقد ہوئی۔ جس کی صدارت مرکزی امیر تحریک منہاج القرآن فیض الرحمٰن درانی نے کی۔ تقریب سے خطا ب کرتے ہوئے فیض الرحمٰن درانی نے کہا کہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی علمی اور تجدیدی خدمات عالم اسلام کے لیے تاریخی اثاثہ ہیں۔ انہوں نے تعلیم، فلاح عوام اور قرآن و سنت پر مبنی جتناعلم اور کام پاکستانی قوم اور عالم اسلام کے لیے کیا ہے وہ قابل قدر اور پاکستانی قوم کے لیے ایک عظیم اعزاز ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ نامسائد حالات اور مشکلات کے دور میں اسلام کا روشن چہرہ دنیا کو دکھا رہے ہیں۔ علامہ سلیم اللہ اویسی (سابق خطیب بادشاہی مسجد)نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری قدیم و جدید علوم قرآنیہ کا حسین امتزاج ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسے افراد کو اللہ، رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور مخلوق خدا اپنی محبتوں کا مرکز بناتے ہیں یہ عزت اللہ کی طرف سے ہوتی ہے۔ ڈاکٹر ابراہیم محمد ابراہیم (ڈین آف انسائیکلوپیڈیا اردو پنجاب یونیورسٹی ) نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری پورے عالم اسلام اور پاکستان میں قدر کی نگاہ سے دیکھے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے تعلیمی انقلاب کا آغاز کر کے امت مسلمہ کی بنیادی اور اصل فکر کی طرف توجہ دلائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی تصانیف دور حاضر میں اسلام کے خلاف ہونے والی سازشوں کا منہ توڑ جواب ہیں۔ معروف صحافی اور دانشور ڈاکٹر علی اکبر قادری نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شیخ الاسلام نے نوجوانوں کے دلوں میں محبت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے چراغ جلائے ہیں وہ اس بات سے بخوبی آگاہ ہیں کہ جب تک محبت چراغ مصطفوی روشن نہیں ہوتا کائنات منور نہیں ہوسکتی۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کو امت مسلمہ کی خدمات کے لیے چن لیا ہے اور وہ اس نوکری کو خوب نبھا رہے ہیں۔ مرکزی ناظم منہاج القرآن علماء کونسل سید فرحت حسین شاہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری سچے عاشق رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور محبتوں کے سفیر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی تین سو سے زائد کتب اور پانچ ہزارسے زائد خطابات ایک عظیم کارنامہ اور علمی اثاثہ ہیں جو صدیوں اسلام اور امت مسلمہ کے لیے خدمت کا ذریعہ بنا رہے گا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے علامہ شفاعت رسول (مبلغ یورپ، معروف عالم دین) نے کہا کہ میں نے ساری دنیا میں سفر کیا جہاں بھی گیا۔ ڈاکٹرطاہر القادری کی علمی، تصنیفی اور تجدیدی خدمات نظرآئیں۔ اس سے معلوم ہوا کہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری عالم اسلام کے عظیم مفکر اور دانشور ہیں ان کی خدمات کو صدیوں یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں بھی ان کی خدمت سے فیض یاب ہونے کی کوشش کرتے رہنا چاہیے۔ اس موقع پر ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی حدیث کی نئی تصنیف ’’ہدایۃالامہ‘‘ کی تقریب رونمائی بھی ہوئی۔ دیگر علماء کرام میں علامہ محمد علی نقشبندی، علامہ ذاکر شاہ کاظمی، میر آصف اکبر، علامہ ممتاز صدیقی، مولانا عثمان سیالوی اور مولانا محمد حسین آزاد نے بھی شرکت کی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top