عالمی میلاد کا نفرنس میں شرکت کرنے والے دس لاکھ سے زائد خواتین اور مرد حضرات کیلئے الگ الگ پنڈال بنانے کی تیاریاں شروع کر دی گئیں

پنجاب حکومت، ضلعی حکومت، پی ایچ اے، واسا، واپڈا، پنجاب پولیس اور دیگر سیکورٹی ایجنسیوں کی
کانفرنس کے موقع پر مکمل تعاون کی یقین دہانی
عالمی میلاد کانفرنس کو انٹرنیٹ کے ذریعے 100 سے زائد ممالک میں دیکھائے جانے کے انتظامات بھی مکمل
پچاس سے زائدانتظامی کمیٹیوں کے سربراہان کی شیخ زاہد فیاض سربراہ عالمی میلاد کانفرنس کو انتظامات کے حوالے سے بریفنگ

11 اور 12 ربیع الاول کی درمیانی شب مینار پاکستان پر عالم اسلام کی سب سے بڑی 26 ویں عظیم الشان سالانہ عالمی میلاد کانفرنس منعقدہو گی جس میں دنیا بھر سے علماء کرام، مشائخ عظام، قراء و نعت خوان حضرات اورعالم اسلام کی مقتدر مذہبی شخصیات خصوصی شرکت کریں گی۔ عالمی میلاد کانفرنس سے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری خصوصی خطاب کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار سربراہ عالمی میلاد کانفرنس تحریک منہاج القرآن شیخ زاہد فیاض نے انتظامی امور کے حوالے سے تشکیل دی گئی پچاس سے زائد انتظامی کمیٹیوں کے سربراہان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انتظامی کمیٹیوں کے سربراہان نے شیخ زاہد فیاض کو اب تک ہونے والے انتظامات سے آگاہ کیا۔ سربراہ عالمی میلاد کانفرنس کو بتایا گیا کہ سیکورٹی کے انتظامات کے لیے منہاج القرآن یوتھ لیگ کے پانچ ہزار نوجوانوں پر مشتمل سکواڈ خدمات سر انجام دے گا۔ عالمی میلاد کانفرنس کو دنیا بھر میں مختلف ٹی وی چینلز براہِ راست دکھانے کے انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ سربراہ عالمی میلاد کانفرنس کو بتایا گیا کہ صرف لاہور سے دو لاکھ سے زائد افراد شر کت کریں گے۔ جبکہ پاکستان اور دنیا بھر سے شرکاء کی کل تعداد دس لاکھ سے زائد ہو گی۔ خواتین اور مرد حضرات کیلئے الگ الگ پنڈال بنانے کی تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں۔ ملک کے دیگر شہروں سے لاہور میں داخل ہونے والے قافلوں کی رہنمائی کیلئے مختلف راستوں پر استقبالیہ کیمپ لگائے جا رہے ہیں۔ شیخ زاہد فیاض کو بتایاگیا کہ میلاد کی رات ہر سال کی طر ح امسال بھی مینار پاکستان کے سبزہ زار میں ضیافت میلاد کا اہتمام کیا جا رہا ہے جس میں ایک ہزار سے زائد بکرے ذبح کیے جائیں گے اور 7 بجے سے 9 بجے تک ہر خاص و عام کے لئے کھانے کا وافر اہتمام ہوگا۔ عالمی میلاد کانفرنس کو انٹرنیٹ کے ذریعے 100سے زائد ممالک میں دیکھائے جانے کے انتظامات بھی مکمل کر لیے گئے ہیں۔ سربراہ عالمی میلاد کانفرنس کو سیکرٹری عالمی میلاد کانفرنس جواد حامد نے بتایا کہ ہر سال کی طرح اس سال بھی پنجاب حکومت، ضلعی حکومت، ایل ڈی اے، واسا، واپڈا، پنجاب پولیس اور دیگر سیکورٹی ایجنسیوں نے کانفرنس کے موقع پر مکمل تعاون اور ہر قسم کی سہولیات فراہم کرنے کی یقین دہانی کروائی ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top