ہمیں اپنی زندگیوں میں عشق مصطفی (ص) کو اس حد تک داخل کرنا ہے کہ دنیا کی ہر محبت فنا ہو جائے : حسین محی الدین قادری

مینار پاکستان پر عالمی میلاد کانفرنس کی تیاریاں شروع ہو چکی ہیں، پچاس انتظامی کمیٹیاں تشکیل دے دی گئی ہیں
عالمی میلاد کانفرنس سے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری خصوصی خطاب کریں گے
صدر مجلس شوریٰ صاحبزادہ حسین محی الدین قادری کی عالمی میلاد کانفرنس کی تیاریوں اور انتظامات
کے حوالے سے تحریک منہاج القرآن لاہور کے کارکنوں سے گفتگو

صدر مجلس شوریٰ صاحبزادہ حسین محی الدین قادری نے مینار پاکستان پر ہونے والی عالم اسلام کی سب سے بڑی سالانہ عالمی میلاد کانفرنس کی تیاریوں اور انتظامات کے حوالے سے تحریک منہاج القرآن لاہور کے کارکنان اور انتظامی کمیٹیوں کے ایک اہم اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امت کو نعمت اسلام اور معرفت الہیٰ مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے میلاد کے صدقے ملی ہے اور الحمد سے والناس تک پورا قرآن آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا اخلاق ہے اور سیرت مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر سب سے اعلیٰ کتاب قرآن ہے جو غیر مخلوق ہے۔ انہوں نے کہا کہ قرآن کی آیات کی شکل میں حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے نفسی اخلاق مٹائے گئے اور اخلاق الہیہ کے رنگ چڑھائے گئے اس طرح خلق محمدی صفات الہیٰ میں فنا ہوگیا، اسلام دین رحمت، مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پیغمبر رحمت اور قرآن کتاب رحمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ محبت اور عشق ایمان کی متاع ہے ہمیں اپنی زندگیوں میں عشق مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو اس حد تک داخل کرنا ہے کہ دنیا کی ہر محبت فناہو جائے۔ انہوں نے کہا کہ آج امت مسلمہ اپنی زندگی میں شامل ہر خرابی کو ختم کرنا چاہتی ہے تو حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی غلامی کا پٹہ اپنے گلے میں ڈال لے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن لاہور کے کار کن زیادہ محنت اور کوشش کریں کیونکہ آپ اس عالمی میلاد کانفرنس کے میزبان ہیں۔ انہوں نے انتظامی کمیٹیوں کو ہدایت دی کہ عالمی میلاد کانفرنس میں۔ پنڈال کو انتہائی خوبصورتی سے سجایا جائے، کائنات کا وجود بھی آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے میلاد کا مرہون منت ہے۔ اس لیے امت کو آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت کی خوشی ایسے انداز میں منانا چاہیے کہ پوری دنیا میں اس کی دھوم مچ جائے۔ صاحبزادہ حسین محی الدین القادری نے کہا کہ مخلوق آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا میلاد منانے کا حق ادا نہیں کر سکتی۔ آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا میلاد خود خدا نے منایا ہے۔ اس لئے ہمیں بھی اپنی تمام خوشیوں سے بڑھ کر آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت کی خوشی منانا چاہیے۔ انھوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر طاہرالقادری کی قیادت میں دین کی تجدید کی خدمت انجام دے رہی ہے اور ایسے عظیم علمی کام کو تجدیدی تحریکیں ہی انجام دے سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پورا سال گوشہ درود اور حلقہ ہائے درود میں پڑھا جانے والا درود اور اب تک جو اربوں کی تعداد میں ہے وہ درود آقائے دو جہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں عالمی میلاد کانفرنس میں پیش کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن پوری دنیا میں آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا میلاد شایان شان طریقے سے منانے کا اہتما م کرتی ہے اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے اپنی زندگی آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی محبت اور اسلام کی حقیقی فکر کو پھیلانے میں صرف کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن میلاد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کوعالمی جشن کے طور پر منائے گی۔ آقائے دو جہاں کے میلاد کی خوشی منانا ہر مسلمان پر فرض ہے۔ دنیا میں نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت سے بڑی کوئی خوشی نہیں۔ تحریک منہاج القرآن لاہور کے امیر نے صاحبزادہ حسین محی الدین قادری کو بتایا کہ کانفرنس میں دنیا بھر سے علماء کرام، مشائخ عظام، قراء و نعت خوان حضرات اور عالم اسلام کی مقتدر مذہبی شخصیات خصوصی شرکت کریں گی۔ عالمی میلاد کانفرنس سے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری خصوصی خطاب کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ مینار پاکستان پر عالمی میلاد کانفرنس کی تیاریاں شروع ہو چکی ہیں اور اس سلسلے میں پچاس انتظامی کمیٹیاں تشکیل دے دی گئی ہیں۔ سیکورٹی کے انتظامات کے لیے منہاج القرآن یوتھ لیگ کے پانچ ہزار نوجوانوں پر مشتمل سکواڈ خدمات سرانجام دے گا۔ عالمی میلاد کانفرنس کو دنیا بھر میں مختلف ٹی وی چینلز براہِ راست دکھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی میلاد کانفرنس میں صرف لاہور سے دو لاکھ سے زائد افراد شرکت کریں گے۔ جبکہ پاکستان اور دنیا بھر سے شرکاء کی کل تعد اد دس لاکھ سے زائد ہو گی۔ میلاد کا سماں پیدا کرنے کیلئے عوام الناس کو بھی اس مہم میں شامل کیا جا رہا ہے۔ ملک کے دیگر شہروں سے لاہور میں داخل ہونے والے قافلوں کی رہنمائی کیلئے مختلف راستوں پر استقبالیہ کیمپ لگائے جائیں گے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top