ادارہ منہاج القرآن برلن میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی سالگرہ کی تقریب

برلن بیورو اور MCB یورپ کے مطابق یورپ کے تمام ممالک میں بانی و سرپرست تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام پروفیسر ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا یوم ولادت بڑے جوش و خروش سے منایا گیا۔ یورپی شہروں میں قائم MQI کی تنظیمات اور ذیلی اداروں نے مختلف تقریبات منعقد کیں جن میں منہاج القرآن کے اراکین اور عہدیداروں کے علاوہ دیگر تنظیمات کے اراکین نے بھی شرکت کی۔ جرمنی میں فرانکفرٹ، برلن، ہاگن اور دوسرے شہروں میں شیخ الاسلام کی سالگرہ منائی گئی۔ منہاج القرآن انٹرنیشنل برلن کی تنظیم کی جانب سے قائد محترم کے جنم دن کے حوالہ سے 19 فروری 2010ء بروز جمعۃ المبارک ادارہ منہاج القرآن برلن میں نماز جمعہ کے بعد ایک سادہ اور پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ پروگرام کا آغاز تلاوت کلا م پاک سے ہوا جس کی سعادت یوتھ لیگ کے خوشنود احمد نے حاصل کی بعد ازاں عمران الحق نے شیخ الاسلام کی مشہور نعت ’’تیرے ہوتے جنم لیا ہوتا‘‘ کا ہدیہ پیش کیا۔

منہاج القرآن انٹرنیشنل برلن کے جنرل سیکرٹری محمد ارشاد نے کہا کہ ’’رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم آخری نبی اور رحمۃ اللعالمین ہیں۔ دین اسلام ایک مکمل ضابطہ حیات ہے۔ اللہ تعالیٰ نے ہمارے نبی کے بعد کفر کے اندھیروں میں اسلام کی شمع کو روشن رکھنے کے لئے خلفاء راشدین، صحابہ کرام اور اپنے دیگر مقبول بندوں کو اس دنیائے فانی میں بھیجا۔ آج کے اس پرآشوب مادی دور میں اللہ تعالیٰ نے ہمیں ایک عظیم مفکر، عالم اور رہبر شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہرالقادری کے روپ میں عطا کیا ہم اللہ رب العزت کی اس نعمت کے سراپا شکر گزار ہیں، ہمیں چاہیے کہ ہم ان کے افکار سے استفادہ کرتے ہوئے ان کے مشن کو آگے بڑھائیں۔ صدر مجلس شوریٰ منہاج القرآن انٹرنیشنل برلن خضر حیات تارڑ نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کو اس دور کا ایک عظیم مفکر اور خدا کی ایک بڑی نعمت قرار دیا۔ انہوں نے ان کی دین اسلام کے لئے خدمات پر تفصیلی روشنی ڈالتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کیا۔

منہاج القرآن میڈیا کوآرڈینیشن بیورو یورپ کے سرپرست اور پاکستان عوامی تحریک کے چیف کوآرڈینیٹر برائے یورپ محمد شکیل چغتائی نے منہاج القرآن کے مفہوم کو واضح کرتے ہوئے بتایا کہ یہ قرآن و سنت کا راستہ ہے اور تحریک منہاج القرآن اب ایک عالمگیر تحریک کا روپ دھار چکی ہے جو شیخ الاسلام کی قائدانہ صلاحیتوں اور انتھک محنت کا مرہون منت ہے۔ انہوں نے ان کی تصانیف اور لیکچرز کا بھی حوالہ دیا جن کے ذریعے نہ صرف دنیائے اسلام بلکہ دوسرے مذاہب کے پیروکار بھی مستفید ہو رہے ہیں۔ انہوں نے قائد تحریک کے بارے میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے بارے میں گھنٹوں بات ہو سکتی ہے، حقیقت یہ ہے کہ وہ مفکر، مدبر، مفسر، محقق، معلم، مصنف کے علاوہ دین میں اجتہاد کے قائل ہیں، وہ بلاشبہ اس دور کے مجتہد ہیں، انہوں نے شیعہ، سنی، اتحاد کی راہیں ہموار کیں، اتحاد بین المسلمین اور دیگر مذاہب کے ماننے والوں کو ساتھ ملا کر باہمی مشاورت کا عملی مظاہرہ کیا۔

MQI برلن کے سینئر نائب صدر ندیم شاہ اور پریس سیکرٹری محمد آصف نے اس محفل کی اہمیت کے پیش نظر پوٹسڈام سے تشریف لا کر خصوصی طور پر شرکت کی۔ تقریب کے اختتام پر محمد شکیل چغتائی نے انتظامیہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی صحت، سلامتی، درازی عمر اور تحریک منہاج القرآن کی ترقی و سربلندی کے لئے دعا مانگی۔ آخر میں وجاہت تارڑ نے اہل محفل کے درمیان مٹھائی تقسیم کی۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top