نوجوان تعلیمی حصول کے لئے محنت کریں: شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری

پاکستانی نوجوان نسل روشن پاکستان کی علامت ہے میڈیا کی جانب سے شعور کی بیداری کے اقدامات نے نوجوانون کے اندر مثبت تبدیلی اور حالات کو جانچنے کی سوچ دی ہے ان خیالات کا اظہار منہاج القرآن انٹرنیشنل کے بانی وسرپرست اعلیٰ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے 22 فروری 2010 کو برطانیہ آمد کے موقع پر کیا۔

ہیتھرو ائیر پورٹ پر جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کہا کہ پاکستا ن کے علمی، سیاسی، سماجی اور معاشی طبقات کو بھی اب راہ راست پر آجانا چاہئیے اور انفرادی شخصی ترقی کی بجائے ملکی و عوامی و خوشحالی اور استحکام کے لئے کم از کم ایک سمت اور منزل کا تعین کر لینا چاہیئے۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی پارٹیاں اور ادارے شخصیات کی بجائے پارٹی منشور اور پالیسی کے مراکز کو مضبوط بنائیں جبکہ ہمسایہ ممالک سے دوستانہ تعلقات استوار کر کے ملک کو معاشی استحکام کے جانب لایا جائے، ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کہا کہ جب تک پاکستانی سیاسی نظام سے برادری ازم، جاگیردارانہ اور غاصبانہ سوچ کو ختم نہیں کیا جائے گا چند بڑے خاندان ایسے ہی ملکی دولت اور حکومتی قلمدان آپس میں تقسیم کرتے رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ نوجوان تعلیمی حصول کے لئے محنت کریں اور اعلیٰ کردار کی سیاسی بصیرت رکھنے والی جماعتوں کے ساتھ ملک کر ملک میں نظام کی تبدیلی کی جدوجہد کریں، چہروں کی تبدیلی نے ملک کو سیاسی و معاشرتی طور پر پہلے سے بھی زیادہ کمزور کیا ہے اور ہر کوئی اپنی باری لگا کر بیرون ملک بھاگ جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام جان لے جب تک وہ معاشی طور پر مضبوط و مستحکم نہیں ہوں گے بیرونی طاقتیں انہیں اپنا غلام بنائے رکھیں گی، اگر ان بیرونی طاقتوں کے چنگل سے آزادی چاہتے ہیں تو ایسی قیادت کو منتخب کیا جائے جن میں خوف خدا، محبت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور ایمان کی مضبوطی ہو جو طاقت کا سرچشمہ عوام کو سمجھتے ہوں اور بیرونی طاقتوں کے حکم پر لبیک کہنے والے نہ ہوں۔

ڈاکٹر طاہر القادری چند روز لندن میں قیام کریں گے جہاں پر وہ میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے مرکزی پروگرام میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کریں گے۔

رپورٹ (آفتاب بیگ) لندن

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top