عالمی میلاد کانفرنس کے انتظامات مکمل کر لیے گئے : شیخ زاہد فیاض

تحریک منہاج القرآن کی 26ویں عالمی میلاد کانفرنس 2010ء کی تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ عالمی میلاد کانفرنس 26 فروری 2010ء اور 11 ربیع الاول کی درمیان شب کو مینار پاکستان لاہور میں ہوگی۔ عالمی میلاد کانفرنس کی تیاریوں اور انتظامات کے حوالے سے سربراہ عالمی میلاد کانفرنس 2010ء اور منہاج القرآن کے سینئر نائب ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض نے پریس کانفرنس میں صحافیوں کو تفصیلات بتائیں۔ انہوں نے کہا کہ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے میلاد کے موقع پر عالم اسلام کے سب سے بڑے اجتماع "عالمی میلاد کانفرنس 2010ء" کے تمام انتظامات اور تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔

کانفرنس میں دنیا بھر سے علماء کرام، مشائخ عظام، قراء و نعت خوان حضرات اور عالم اسلام کی مقتدر مذہبی شخصیات خصوصی شرکت کریں گی۔ عالمی میلاد کانفرنس سے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری خصوصی خطاب بھی کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی میلاد کانفرنس میں لاکھوں افراد شرکت کریں گے۔ خواتین اور مردوں کے لیے الگ الگ پنڈال بنائے گئے ہیں۔ ملک کے دیگر شہروں سے لاہور میں داخل ہونے والے قافلوں کی رہنمائی کیلئے مختلف راستوں پر استقبالیہ کیمپ لگائے جا رہے ہیں۔

انہوں نے میڈیا کو بتایا کہ انتظامی امور کے حوالے سے پچاس سے زائد انتظامی کمیٹیاں بنائیں گئی ہیں۔ سیکیورٹی کے حوالے سے شیخ زاہد فیاض نے کہا کہ ملکی حالات کے پیش نظر سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے جا رہے ہیں۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے علاوہ منہاج القرآن یوتھ لیگ کے پانچ ہزار سے زائد نوجوانوں پر مشتمل سکواڈ سیکیورٹی کی ڈیوٹی سرانجام دیں گے۔

ایک سوال پر انہوں نے بتایا کہ عالمی میلاد کانفرنس کو دنیا بھر میں ٹی وی چینلز کے ذریعے براہ راست دکھانے کے انتظامات بھی مکمل کر لیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ انٹرنیٹ کے ذریعے کانفرنس کی تمام کارروائی کو براہ راست بھی پیش کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ میلاد کی رات ہر سال کی طرح مینار پاکستان کے سبزہ زار میں ضیافت میلاد کا اہتمام کیا جا رہا ہے جس کے لیے ایک ہزار سے زائد بکرے ذبح کیے جائیں گے اور 7 بجے سے 9 بجے تک ہر خاص و عام کے لئے کھانے کا وافر اہتمام ہوگا۔

عالمی میلاد کانفرنس کے سیکرٹری جواد حامد نے بتایا کہ ہر سال کی طرح اس سال بھی پنجاب حکومت، ضلعی حکومت، ایل ڈی اے، واسا، واپڈا، پنجاب پولیس اور دیگر سیکیورٹی ایجنسیوں نے کانفرنس کے موقع پر مکمل تعاون اور ہر قسم کی سہولیات فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ لاہور کی مختلف کالجز اور یونیورسٹیز کے 10 ہزار طلبہ عالمی میلاد کانفرنس میں شریک ہوں گے۔ شب بارہ بجے کے بعد شیخ الاسلام کا خصوصی خطاب شروع ہوگا اور نماز فجر تک پروگرام جاری رہے گا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top