پانچ مارچ کو پورے ملک میں مہنگائی کے خلاف مظاہرے ہوں گے : پاکستان عوامی تحریک
مسجد شہداء تا پنجاب اسمبلی چوک عوامی احتجاج میں ہزاروں افراد
شریک ہوں گے
عوام کے حقوق پر پڑنے والے ڈاکے کے خلاف خاموش نہیں رہیں گے
تحریک منہاج القرآن اور پاکستان عوامی تحریک کی سینٹرل ورکنگ کونسل کے ہنگامی اجلاس
میں فیصلہ
تحریک منہاج القرآن اور پاکستان عوامی تحریک کی سینٹرل ورکنگ کونسل کا ہنگامی اجلاس ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی کی صدارت میں ہوا۔ اجلاس میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کو حکومت کی طرف سے عوام پر بہت بڑا ظلم قرار دیا گیا اور ہوشرباء مہنگائی کے خلاف 5 مارچ (بروز ہفتہ) کو ملک گیر احتجاج کا فیصلہ کیا گیا، اس سلسلے میں لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی، کراچی، فیصل آباد، اور سیالکوٹ سمیت دیگر شہروں میں احتجاجی ریلیاں نکالی جائیں گی۔ لاہور میں احتجاجی ریلی مسجد شہداء تا اسمبلی چوک ہو گی جسمیں ہزاروں افراد شرکت کریں گے۔ اجلاس میں سیکرٹری جنرل پاکستان عوامی تحریک انوار اختر ایڈووکیٹ اور افضل گجر نے خصوصی شرکت کی جبکہ اس موقع پر شیخ زاہد فیاض، جی ایم ملک، رانا محمد ادریس، جواد حامد، قاضی فیض الاسلام، ارشاد طاہر، سمیرا رفاقت ایڈووکیٹ، ساجد محمود بھٹی، حاجی منظور حسین، عاقل ملک، تجمل حسین، راجہ جمیل اجمل اور دیگر قائدین بھی موجود تھے۔ اجلاس میں اس امر پر تشویش کا اظہار کیا گیا کہ عوامی حکومت کے دعویدار غریبوں سے جینے کا حق چھیننے پر تلے ہوئے ہیں اور اراکین اسمبلی کی مراعات میں آئے روز اضافہ کیا جا رہا ہے۔ غریب دشمن جماعتیں تمام تر توانائیاں اقتدار بچانے پر صرف کر رہی ہے جبکہ عوام ان کی کسی ترجیح میں شامل نہیں۔ حکومت عملی طور پر غریبوں سے جینے کا حق چھیننے پر تلی ہوئی ہے۔ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا کہ غریب کے چولہے کو دائمی طور پر سرد کرنے کے حکومتی عزائم کو ناکام بنانے کیلئے مہنگائی کے خلاف احتجاج میں عوام کو شریک کیا جائے گا۔ اجلاس میں اس امر پر تشویش کا اظہار کیا گیا کہ اس وقت موجودہ حکومت کے خلاف اپوزیشن کا وجود صرف زبانی جمع خرچ ہے اور پارلیمنٹ میں موجود بڑی جماعتوں نے مجرمانہ خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 5 مارچ کو ہونے والا احتجاج عوامی شعور کی بیداری کا اہم حصہ ہے اور منہاج القرآن اور پاکستان عوامی تحریک عوام کے حقوق پر پڑنے والے ڈاکے کے خلاف خاموش نہیں رہیں گی۔
تبصرہ