منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین کے زیراہتمام بارسلونا میں 15 ویں سالانہ میلاد کانفرنس
منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین کے زیراہتمام مورخہ 20 فروری 2011ء برورز اتوار بارسلونا کے اسپورٹس ہال El Raval میں 15 ویں سالانہ میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کانفرنس منعقد ہوئی جس میں بارسلونا اور گرد و نوح سے سینکڑوں عاشقان رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم شریک ہوئے۔
کانفرنس کا باقاعدہ آغاز حافظ محمد عابد نقشبندی نے تلاوت کلام پاک سے کیا۔ نقابت کے فرائض نوید احمد اندلسی نے ادا کئے۔ سلسلہ نعت خوانی میں شیخ جمیل احمد، محمد جلیل، ارشاد حسین، محمد شفیق نے آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں گلہائے عقیدت پیش کئے جبکہ منہاج نعت کونسل کے نوجوانوں اور پاکستانی ٹیلی ویژن کے معروف نعت خوان و قوال محمد قدیر احمد کان نے دف کے ساتھ ولادت رسالت مآب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی خوشی میں ترانہ محبت پیش کیا۔ محفل کے مہمان خصوصی قونصل جنرل بارسلونا مسعود خان راجہ، ویلفیئر قونصلر سید شکیل شاہ، پاکستانی کمیونٹی کے نمائندہ جاوید اقبال گل، حافظ محمد معروف، پاکستانی کمیونٹی کی اہم شخصیات خالد شہباز چوہان، جاوید مغل، شفقت علی رضا، ایاز عباسی، حافظ عبد الرزاق صادق، شاہین ملک اورشاہد لطیف قادری نے خصوصی شرکت کی۔
مہمان خصوصی قونصل جنرل پاکستان برائے بارسلونا سپین مسعود خان راجہ نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے امت مسلمہ اور حاضرین محفل کو آقاصلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت کی مبارکباد دی اور کہا کہ ہمارے پیارے آقاء صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پوری کائنات کے نبی ہیں اور ہمیں آپ کے امتی ہونے کا اعزاز حاصل ہے، انہوں نے حاضرین سے یہ بھی درخواست کی کہ وہ اس قبولیت کی گھڑی میں اپنے وطن کے لئے خصوصی دعا کریں۔
منہاج القرآن انٹرنیشنل بارسلونا سپین کے امیر علامہ عبد الرشید شریفی نے میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی محافل کے انعقاد کے موضوع پر قرآن وحدیث کی روشنی میں سیر حاصل گفتگو کی۔ انہوں نے کہا کہ اللہ رب العزت کی نعمتوں پر سجدہ شکر بجا لانا چاہیئے اور آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت ہمارے لئے سب سے بڑی نعمت ہے اس پر جتنا بھی جشن، خوشی اور محافل سجائیں اور آپ کی ولادت کا تذکرہ کریں یہ کم ہے۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری دنیا بھر میں عشق مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو لوگوں کے دلوں میں ڈالنے کے لئے دن رات ایک کر رہے ہیں اور تحریک منہاج القرآن کے قیام کا مقصد بھی یہی ہے۔
خطاب کے بعد منہاج اسلامک سنٹر بارسلونا کے تین طالبعلموں کو قرعہ اندازی کے ذریعے عمرہ کا ٹکٹ دیا گیا جن میں عبدالرزاق، انور محمود اور خیر دین ملنگ شامل تھے۔ ایک ٹکٹ منہاج القرآن سپین، دوسرا لائب ٹریول ایجنسی اور تیسرا ٹکٹ Espak ریسٹورنٹ بادالونا کی طرف سے دیا گیا۔ پروگرام کے آخر میں قاری عبدالرحمن، مرزا محمد اصغربیگ اور حافظ محمد عاطف نے تمام حاضرین کے ساتھ مل کر درود وسلام کا نذرانہ پیش کیا۔ علامہ عبدالرشید شریفی کی خصوصی دعا کے بعد تمام حاضرین کی میلاد کے لنگر سے تواضع کی گئی۔
رپورٹ: نوید احمد اندلسی
تبصرہ