عوامی تحریک موجودہ انتخابی نظام کے خلاف بھرپور مہم چلائے گی۔ انصار ملک
پاکستان عوامی تحریک اسلام آباد راولپنڈی سمیت ملک بھر کے 300 شہروں
میں الیکشن ڈے پر پرامن دھرنے دے گی
پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ پولنگ ڈے پر دھرنے دیے جائیں گے
پاکستان عوامی تحریک اسلام آباد کے آرگنائزرانصار ملک نے کہا ہے کہ پاکستان عوامی تحریک اسلام آباد، راولپنڈی سمیت 300 شہروں میں الیکشن ڈے پر پرامن دھرنے دے گی جو پولنگ سٹیشنوں سے دور ہونگے۔ اسلام آباد میں ممبر سازی مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ پاکستان عوامی تحریک موجودہ انتخابی نظام کے خلاف عوام کو بیدار کرنے کے لیے بھرپور مہم چلائی جائے گی۔ پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکڑ محمد طاہر القادری نے ملک گیر ورکرز کنونشن میں گزشتہ روز نظام انتخاب کے خلاف جامع پالیسی کا اعلان کر دیا ہے۔ پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ پولنگ ڈے پر دھرنے دیے جائیں گے جس میں ہر شہر میں ہزاروں کی تعداد میں لوگ شرکت کریں گے۔ عوام کی اکثریت جو ووٹ ڈالنے نہیں جاتی انہیں دھرنوں میں شرکت کی ترغیب دینے کیلئے پاکستان عوامی تحریک نے جامع حکمت عملی تیار کر لی ہے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ نظام کے تحت ہونے والے الیکشن سابقہ انتخابات کا ایکشن ری پلے ہو گا اور تبدیلی کے نعرے کرپٹ نظام کی گرد میں گم ہو کر قوم میں مزید مایوسی پھیلائیں گے۔ فرسودہ نظام انتخاب عوام کا مقدر نہیں بدل سکتا۔ پاکستان عوامی تحریک نظریاتی اور فکری تحریک ہے اس لئے اصولوں پر سمجھوتہ نہیں کر سکتے۔ تبدیلی کا بہترین ذریعہ بے شک الیکشن ہی ہیں مگر شرط یہ ہے کہ پراسس شفاف ہو۔ موجودہ الیکشن کمیشن شفاف الیکشن کرانے کی اہلیت نہیں رکھتا اس لئے اس جرم میں شرکت کر کے اپنا دامن آلودہ نہیں کر سکتے۔ الیکشن کے نتائج ہمارے موقف کی سچائی عوام کے سامنے لے آئیں گے۔
تبصرہ