اسلاف کی زندگیوں پر نظر دوڑائیں تو وہ ماں کی محبت میں فنا دکھائی دیتی ہیں۔ نوشابہ ضیاء

مورخہ: 12 مئی 2013ء

آج کے مادیت زدہ معاشرے میں والدین کی عزت رسم تک محدود ہوتی جا رہی ہے
اویس قرنی رضی اللہ عنہ نے والدہ سے محبت اور خدمت کا وہ معیار دیا ہے جو انسانیت کے لئے مشعل راہ ہے
مائوں کے عالمی دن کے موقع پر پاکستان عوامی تحریک ویمن ونگ اورمنہاج القرآن ویمن لیگ کے زیر اہتمام منعقدہ سیمینار سے خطاب

پاکستان عوامی تحریک (ویمن ونگ) کی مرکزی رہنماے نوشابہ ضیاء نے کہا ہے کہ اسلام نے خونی رشتوں کے احترام بارے جو تعلیمات دی ہیں ان کی اہمیت سے دنیا کا کوئی معاشرہ انکار نہیں کر سکتا۔ والدین کے ساتھ حسن سلوک اور ان کے حقوق کی ادائیگی کے لئے قرآن حکیم اور احادیث نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں واضح احکامات ہیں۔ ماں کے حقوق کی ادائیگی کو اسلام نے خصوصی اہمیت دی ہے اور بندے کے لئے اللہ کی محبت کو سمجھانے کے لئے بھی اس نے ماں کی محبت کی مثال دی ہے کہ وہ ماںسے ستر گنا زیادہ پیار کرتا ہے۔ جنت ماں کے قدموں کے نیچے ہے کا مطلب ہے کہ ساری عبادتیں مل کر بھی ماں کی خدمت کے برابر نہیں ہو سکتیں اس لیے مرتے دم تک اس حق کی ادائیگی میں ہمہ وقت مستعد رہنا چاہیے اس سے ہماری زندگیوں میں پایا جانے والا بگاڑ اور بے سکونی کا خاتمہ ہو گا۔ وہ گذشتہ روز مائوں کے عالمی دن کے موقع پر پاکستان عوامی تحریک ویمن ونگ اور منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیر اہتمام مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹائون لاہور میں منعقدہ سیمینار سے خطاب کر رہی تھیں۔

انہوں نے کہا کہ حضرت خواجہ اویس قرنی رضی اللہ عنہ نے والدہ سے محبت اور خدمت کا وہ معیار دے دیا ہے جو انسانیت کے لئے مشعل راہ ہے اور اس پر عمل پیرا ہو کر امت مسلمہ خونی رشتوں سے کمزور پڑ جانے والے تعلق کو مضبوط کر سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماں ولادت سے قبل اور شیر خوارگی کے دوران جو تکالیف برداشت کرتی ہے وہ مامتا کے عظیم جذبے کے باعث ہے۔ بچے کی تربیت میں والدہ کے خصوصی کردار کو اسلام بہت زیادہ اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے کہااسلاف کی زندگیوں پر نظر دوڑائیں تو وہ ماں کی محبت میں فنا دکھائی دیتی ہیں اس لیے انہیں ظاہری و باطنی طور پر رفعتیں نصیب ہوئیں۔ نوشابہ ضیاء نے کہا کہ آج کے مادیت زدہ معاشرے نے خاندانی نظام کو بری طرح متاثر کیا ہے۔ والدین کی عزت رسم تک محدود ہوتی جا رہی ہے۔ فلاحی ادارے بوڑھے والدین کی پناہ گاہ بن رہے ہیں اور اولاددنیا کمانے میں مست ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ نوجوان نسل کو والدین سے محبت اور ادب سکھایا جائے اور انہیں بھولا ہو ا سبق یاد کرایا جائے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top