11 مئی کے الیکشن نے امانت و دیانت کا جنازہ نکال دیا ہے اور آئین کی دھجیاں ہر سو بکھیر دی ہیں۔ رحیق احمد عباسی

مورخہ: 17 مئی 2013ء

11 مئی کے الیکشن کے بعد ایک بار پھر ساری جماعتیں بر سراقتدار ہیں اس لیے حقیقی اپوزیشن کا وجود نہیں ہوگا
کرپٹ نظام انتخاب اور حقیقی جمہوریت دو متضاد چیزیں ہیں: ڈاکٹر رحیق احمد عباسی

پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا ہے کہ 11مئی کو گلے سڑے نظام انتخاب کے تحت ہونے والے الیکشن سے جو تعفن اٹھ رہا ہے اس کی بو پورے ملک کو اپنی لپیٹ میں لے رہی ہے۔ عوام کو اندازہ ہوچکا ہے کہ الیکشن کے نام پر اسکے ساتھ کتنا بڑا دھوکا ہوا ہے۔ دنیا کی تاریخ کا انوکھا اور واحد الیکشن ہے جس میں ہارنے اورجیتنے والے دونوں سر پیٹ رہے ہیں اور دھرنے دے رہے ہیں۔ 11 مئی کے الیکشن نے امانت و دیانت کا جنازہ نکال دیا ہے اورآئین کی دھجیاں ہر سو بکھیر دی ہیں۔

وہ گزشتہ روز مرکزی سیکر ٹریٹ ماڈل ٹاؤن لاہور میں پاکستان عوامی تحریک کی ایگزیکٹو کونسل کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر خرم نواز گنڈا پور، جواد حامد، ساجد بھٹی، فیاض وڑائچ، قاضی فیض الاسلام، بشارت عزیز جسپال اور ڈاکٹر تنویر اعظم بھی موجود تھے۔

ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا کہ اس ملک میں اشرافیہ ہی مافیا ہے۔ پاکستان عوامی تحریک پوری عوامی طاقت او ر قوم کی حمایت کے ساتھ اشرافیہ سے حلقوں کے قبضے چھڑائے گی۔ ملک میں موجود سیاسی جماعتیں بھی اس کرپٹ سسٹم کی قیدی ہیں اگر اس عوام دشمن نظام کو بدل دیا جائے تو پارٹیاں اور قوم دونوں آزاد ہوجائیں گی۔

ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا کہ کرپٹ نظام انتخاب اور حقیقی جمہوریت دو متضاد چیزیں ہیں۔ عوام حقیقی جمہوریت کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنا چاہتے ہیں تو اس انتخابی نظام کو مسترد کرنے کے لیے پاکستان عوامی تحریک کا ساتھ دیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو اس الیکشن ڈرامے کے بعد جان لینا چاہیے کہ جعلی ڈگری والے بھی کرپٹ اور انہیں دیانت دار قرار دینے والے بھی کرپٹ ہیں۔ موجودہ نظام انتخاب دھن، دھونس اور دھاندلی ہے اس لیے نیک نیتی سے تبدیلی چاہنے والے بھی موجودہ کرپٹ نظام کے تحت تبدیلی نہیں لاسکتے۔ انہوں نے کہا کہ 11 مئی کے الیکشن کے بعد ایک بار پھر ساری جماعتیں بر سراقتدار ہیں اس لیے حقیقی اپوزیشن کا وجود نہیں ہوگا ۔پاکستان کے انتخابات سے عالمی طاقتیں اپنے مقاصد کا حصول چاہتی ہیں ۔ساری قوم کو سمجھنا ہوگا کہ یہ کرپٹ نظام انتخاب ملک میں تبدیلی نہیں لاسکتا۔ قوم پاکستان عوامی تحریک کا ساتھ دے تو ان کو حقیقی تبدیلی ضرور ملے گی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top