عوام کو حقوق کا شعور دلانا پاکستان عوامی تحریک کا مشن ہے، بشارت عزیز جسپال
ہالت کے خاتمے کے بغیر کسی مثبت تبدیلی کی توقع نہیں کی جا سکتی
غربت کی بجائے غریب ختم کرنے کی عوام کش پالیسی کو فی الفور ختم کیا جائے
بشارت عزیز جسپال کی پاکستان عوامی تحریک کے سینٹرل ورکنگ کونسل کے اہم اجلاس سے گفتگو
پاکستان عوامی تحریک پنجاب کے صدربشارت عزیز جسپال نے کہا ہے کہ مہنگائی، غربت اور لوڈشیڈنگ عوام پر عذاب بن کر مسلط ہیں۔ حکومت کی طرف سے غربت کے خاتمہ کے لئے کوئی ٹھوس منصوبہ بندی سامنے نہیں آئی۔ غربت کی بجائے غریب ختم کرنے کی عوام کش پالیسی کو فی الفور ختم کیا جائے اور حکومت اپنے اضافی اخراجات کو کم کر کے عوام کو ریلیف دے۔ ملک میں تعلیمی ایمرجنسی نافذ کرنے کی ضرورت ہے۔ وہ گذشتہ روز پاکستان عوامی تحریک کے سینٹرل ورکنگ کونسل کے اہم اجلاس سے گفتگو کر رہے تھے۔ اس موقع پر چوہدری افضل گجر، جواد حامد، ساجد بھٹی، حافظ غلام فرید اور تنویر اعظم سندھو بھی موجود تھے۔
انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ مزد وروں کی تنخواہوں میں مزید اضافہ کیا جائے ان کو طبی اور فنی سہولتیں دی جائیں۔ عوام کو حقیقی ریلیف اس وقت نصیب ہو گا جب نظام تبدیل ہو گا۔ موجودہ نظام نے غربت کی بجائے غریب کا خاتمہ کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے نظام کی ضرورت ہے جس میں خواتین کو تحفظ حاصل ہو اورعوام کی فلاح و بہبود ہو اور انسانی اقدار پروان چڑھیں۔
بشارت عزیز جسپال نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک استحصالی نظام کے خاتمے کے لئے جدوجہد کر رہی ہے جس سے انسانیت کی تذلیل ہو رہی ہے۔ انہوںنے کہا کہ عوام کو حقوق کا شعور دلانا ہمارا مشن ہے۔ عوام کو اپنے حقوق کا پتہ نہیں اور نہ ہی انہیں حاصل کرنے کا شعور ہے۔ اسلئے ہم پسے ہوئے طبقے میں تعلیم حاصل کرنے کا جذبہ بیدار کر رہے ہیں جہالت کے خاتمے کے بغیر کسی مثبت تبدیلی کی توقع نہیں کی جا سکتی۔
تبصرہ