نظام کی تبدیلی کے بغیر عوام اوران کے حقوق کے مابین خلیج بڑھتی جائے گی، غضنفر کھوکھر

اختیارات کی عدم مرکزیت پر یقین رکھتے ہیں، 35 صوبے ہی پاکستان کے مسائل کا واحد حل ہیں
پاکستان عوامی تحریک کی ممبر سازی مہم ملک میں حقیقی جمہوریت کے قیام کے لئے ہے

پاکستان عوامی تحریک این اے 48 کے جنرل سیکرٹری غضنفر کھوکھر نے کہا ہے کہ نظام کی تبدیلی کے بغیرعوام اوران کے حقوق کے مابین خلیج بڑھتی جائے گی۔ اختیارات کی عدم مرکزیت پر یقین رکھتے ہیں، ہماری جماعت پاکستان کے ہر ڈویژن کو صوبہ بنانا چاہتی ہے۔ 35 صوبے ہی پاکستان کے مسائل کا واحد حل ہیں۔ صوبے کا نظم ونسق چلانے کے لئے وزیراعلیٰ کی بجائے ایک گورنر کافی ہے جس کا بجٹ ڈویژن کے کمشنر کے برابر ہوگا۔ ایک کروڑنمازی جمع ہوں گے تو اقامت کہہ کر جماعت قائم کریں گے۔ جس دن جماعت قائم ہوگی ملک سے کرپشن کا خاتمہ اور حقیقی جمہوریت کاخواب شرمندہ تعبیر ہو جائے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزپاکستان عوامی تحریک کے کارکنان کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ آبادی کے لحاظ سے پاکستان سے 60 فیصد کم ممالک میں 50 سے80 صوبے ہیں، وہاں ایک ہزار کے قریب ضلعی اور 3000 تک میونسپل حکومتیں قائم ہیں۔ وفاقی حکومت کے پاس صرف سٹیٹ بنک، کرنسی، دفاع، عالمی تجارت سمیت 6 محکمے ہوناچاہئیں۔ نظام کی تبدیلی کی طرف بڑھنے سے اکثر جماعتیں خوف زدہ ہیں مگر پاکستان عوامی تحریک عوام کو حقوق دلانے کے لئے 35 صوبے بنائے گی۔

انہوں نے کہا کہ جہاں وسائل اور اختیارات کااتنا ارتکاز ہو وہاں جمہوریت پنپ نہیں سکتی اور عوام کے حقوق ضرور ذبح ہوتے ہیں۔ موجودہ نظام میں پولیس کانسٹیبل، پٹواری اور تحصیل دار کی ٹرانسفر بھی وزیراعلیٰ کے بغیر نہیں ہوسکتی۔ ارتکاز وسائل کا ہو یا اختیارات کا معاشروں کو تباہی کی جانب ہی دھکیلتا ہے۔ پاکستان عوامی تحریک کی ممبرسازی مہم ملک میں حقیقی جمہوریت کے قیام کے لئے ہے۔ بہت جلد دو کروڑ نمازیوں کی جماعت کھڑی ہوگی اور عوام کو ان کے حقوق دلا کر رہیں گے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top