وزیر اعظم کا امریکی دورہ ناکام رہا، آزادی و خود مختاری کی باتیں جھوٹ کے سوا کچھ نہیں۔ بشار ت عزیز جسپال
عوام جان لیں کرپٹ اور اجارہ دارانہ نظام سیاست و انتخابات ملک کا سب سے بڑا دشمن ہے
موجودہ حکومت کی بری کارکردگی انقلاب کی منزل کو قریب کر رہی ہے
پاکستان عوامی تحریک پنجاب کے صدر بشارت عزیز جسپال نے کہا ہے کہ قوم کی گاڑی میں تیل نہیں، کسی کا جان و مال محفوظ نہیں، قومی سا لمیت بک چکی ہے۔ وزیر اعظم کا امریکی دورہ مکمل طور پر ناکام رہا ہے۔ حکمرانوں کی طرف سے آزادی و خود مختاری کی باتیں سیاسی بیانات ہیں جو جھوٹ کے سوا کچھ نہیں۔ پاکستان عوامی تحریک 18کروڑ عوام کو انکے دشمن کی شناخت کروانا چاہتی ہے جس نے انہیں زندہ رہنے کے حق سے محروم کر رکھا ہے۔ عوام جان لیں کرپٹ اور اجارہ دارانہ نظام سیاست و انتخابات ملک کا سب سے بڑا دشمن ہے۔ یہ نظام سیاست چھ دہائیوں سے مخصوص لوگوں کو پال رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان عوامی تحریک پنجاب کی سینٹرل ورکنگ کونسل سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر چودھری افضل گجر، جواد حامد، ساجد بھٹی اورحافظ غلام فرید بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ قوم کے پڑھے لکھے نوجوان وقار کے ساتھ زندگی گزارنا چاہتے ہیں تو اس کا واحد راستہ نظام انتخابات کو مسترد کرنا ہے۔ حقیقی تبدیلی کیلئے جماعت کی تیاری ملک میں جاری ہے اور نمازی جوق در جوق ڈاکٹر طاہر القادری کی نماز انقلاب میں شامل ہونے کو بے تاب ہیں۔ عوام کے سامنے دودھ اور پانی نکھر کر سامنے آ چکے ہیں۔ تبدیلی اب ووٹوں کے ذریعے نہیں انقلاب کے ذریعے آئے گی۔ ووٹ کے ذریعے تبدیلی کا موقع ضائع کر دیا گیا۔ موجودہ حکومت کی بری کارکردگی انقلاب کی منزل کو قریب کر رہی ہے۔ انقلاب کی جماعت جلد کھڑی ہو گی اب تبدیلی کو دنیا کی کوئی طاقت نہیں روک سکتی۔
تبصرہ