استحکام پاکستان کے لیے ضروری ہے کہ پاکستانی قوم متحد ہو۔ عمر ریاض عباسی

قوم حقیقی پاکستان کے قیام کے لئے ڈاکٹر طاہرالقادری کا ساتھ دے تاکہ پاکستان کو حقیقی معنوں میں ایشیا کا ٹائیگر بنایا جا سکے

پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات عمر ریاض عباسی نے کہا ہے کہ استحکام پاکستان کے لیے ضروری ہے کہ پاکستانی قوم متحد ہو، اپنے تمام تر اختلافات ختم کرکے پاکستان کی سلامتی اور بقا کے لیے اتحاد کا عملی مظاہرہ کرے۔ دشمن ہمیں پارہ پارہ کرنا چاہتا ہے، ہماری صفوں میں اتحاد دشمن کی موت ثابت ہوگا۔ پاکستانی عوام ایک قوم بن کر حقیقی پاکستان کے قیام کے لئے ڈاکٹر طاہرالقادری کا ساتھ دے تاکہ پاکستان کو حقیقی معنوں میں ایشیا کا ٹائیگر بنانے کاخواب شرمندہ تعبیر کیاجاسکے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پاکستان عوامی تحریک اور تحریک منہاج القرآن کے عہدیداران سے منہاج مدینہ ہال کراچی کمپنی میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر فاروق بٹ، غضنفر کھوکھر، انصار ملک، جاوید اصغر ججہ، سعید نیازی، مصطفی خان، غلام علی خان، ویمن لیگ کی نصرت امین اور دیگر عہدیداران و کارکنان کی بڑی تعداد موجود تھی۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی اختلاف ہونا فطری عمل ہے آپس میں نفرت نہیں ہونی چاہیے کیونکہ ہم سب پاکستانی ہیں پاکستان کی مضبوطی اور عزت کے لیے اپنے سیاسی مفادات کو قومی مفادات پر ترجیح نہیں دینی چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں بحثیت قوم آپس میں پیار، محبت اور بھائی چارے کو فروغ دینا چاہیے، یہی ہماری طاقت ہے اسی کے بل بوتے پر ہم ترقی کی منازل طے کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام امن، مساوات اور رواداری کا دین ہے۔ ہمیں اسلام اور پیغمبر اسلام کی تعلیمات سے روشنی حاصل کرنی چاہیے۔ اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ ہونا چاہیے، کسی فرد کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین، بچوں اور پسی ہوئی عوام کی خدمت اور حقوق کا خیال رکھنا حکومت کی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ استحکام پاکستان کے لیے ضروری ہے کہ عوام متحد ہو کر ہر سطح پر جدوجہد کریں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top