منہاج القرآن شہدادپور کے زیرِ اہتمام پیغامِ شہادتِ امام حسین علیہ السلام کانفرنس

شہدادپور (رپورٹ:فیصل اکرم مصطفوی) تحریک منہاج القرآن شہدادپور کے زیراہتمام پیغامِ شہادتِ امام حسین علیہ السلام کانفرنس کا انعقاد جامع مسجد فتح شاہ بخاری میں کیا گیا جس سے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کے شاگرد رشید، مرکزی نائب ناظم دعوت تحریک منہاج القرآن علامہ سعید الحسن طاہر نے خطاب کیا اور انتہائی دلنشین انداز میں امام عالی مقام علیہ السلام کی عظیم وبے مثال قربانی کا مقصد وفکرِ حسین علیہ السلام کو سامعین کے سامنے بیان کیا جسے سن کر سامعین پر سحر طاری ہو گیا۔

علامہ سعید الحسن نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حج جیسی عبادت کو عمرہ سے بدل کر امامِ عالی مقام علیہ السلام نے یہ درس دیا کہ جب مخلوقِ خدا اور دین پر کڑا وقت ہو تو سجدے میں پڑے رہنا عبادت نہیں ہوتی۔ آپ علیہ السلام کی شہادت وخانوادے کی قربانی کسی جاہ ومنصب کے لئے نہیں بلکہ دین ابراہیم علیہ السلام کی بقاء اور نبی مکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شریعت بچانے کے لئے تھی اور امام عالی مقام علیہ السلام اپنا سر کٹا کر سر بلندی کی روایت کو جلادے گئے اور یزیدی طاغوتی نظام کے خلاف رہتی دنیا تک یہ علم جہاد بلند کر گئے۔ آج کے اس پرفتن دور میں بھی ہمیں اپنے اندرجذبہءِ حسینی بیدار کرنا ہوگا اور یزیدی ظالمانہ نظام کے خلاف صدائے حسین علیہ السلام بلند کرنا ہو گی اس لئے معاشرے کے ہر حسینی سوچ کے حامل شخص کو مصطفوی انقلاب کے لئے آگے آنا ہوگا اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاھر القادری کی امامت میں نمازِ انقلاب کی صف میں کھڑا ہونا ہو گا۔

اس عظیم الشان کانفرنس میں خطیب جامع مسجد لوہار گھٹی علامہ عبدالرحیم، انجمن طلباء اسلام کے سابق صوبائی رہنما محمد کاشف رضا، محمدشاہدقریشی، محمد رشید سمیت عاشقانِ اہل بیت علیھم السلام کی کثیر تعداد نے شرکت کی کانفرنس کے اختتام پر ملکی سلامتی ومصطفوی انقلاب کے لئے خصوصی دعا کی گئی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top