سٹیٹس کو کے خلاف جمہوری اور آئینی جنگ لڑ رہے ہیں۔ خرم نواز گنڈا پور

ہمارا ایجنڈا اسلام، عوام اور پاکستان ہیں
پاکستان عوامی تحریک اور آل پاکستان مسلم لیگ میں خفیہ ڈیل کی خبر بے بنیاد اور جھوٹ کا پلندہ ہے

پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ پاکستان عوامی تحریک پاکستان کے 18 کروڑ عوام کی تحریک ہے۔ ہمارا ایجنڈا اسلام، عوام اور پاکستان ہیں۔ ہم سٹیٹس کو کے خلاف جمہوری اور آئینی جنگ لڑ رہے ہیں اور جو بھی اس جنگ میں ہمارے ساتھ شریک ہونا چاہے اسے خوش آمدید کہتے ہیں۔ لیکن ہم ان تمام خبروں کو بے بنیاد اور جھوٹ کا پلندہ قرار دیتے ہیں جس میں کہا گیا ہے کہ پاکستان عوامی تحریک اور آل پاکستان مسلم لیگ میں خفیہ ڈیل ہو گئی ہے یا پاکستان عوامی تحریک مشرف کی رہائی کے لیے میدان میں اترے گی۔ ہم ایسی تمام جھوٹی خبروں کی سختی سے تردید کرتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا  کہ ایک کروڑ افراد کی جماعت کھڑی کرنے کا اعلان ڈاکٹر طاہر القادری مشرف پر آرٹیکل 6 لگنے سے مہینوں پہلے کر چکے ہیں۔ ایک کروڑ افراد کی جماعت کھڑی کرنے کو مشرف کے کیس سے جوڑنا سرا سر جھوٹ اور پراپیگنڈہ ہے۔ کرپٹ نظام سے اپنے بینک بیلنس بھرنے والوں نے عوام کو بے روزگاری، لاقانونیت اور مہنگائی کے سوا کچھ نہیں دیا۔ اس لیے اب عوام کے غیض وغضب سے راہ فرار اختیار کرنے کے لیے حسب معمول الزام تراشی اور بہتان طرازی پر اتر آئے ہیں۔ پاکستان عوامی تحریک کے کسی قائد کی آل پاکستان مسلم لیگ کے مرکزی نائب صدر احمد رضا قصوری سے ان دنوں کوئی ملاقات یا تبادلہ خیال نہیں ہوا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک اس بات کی تردید کرتی ہے کہ ہمارے مرکزی قائدین مسکین فیض الرحمٰن درانی، جی ایم ملک، قاضی فیض الاسلام اور ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے آل پاکستان مسلم لیگ سے کوئی ملاقات یا بات نہیں ہوئی بلکہ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی چار ماہ پہلے سے بیرون  ملک جا چکے ہیں اور لندن میں تحریک منہاج القرآن کی اہم ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں۔ جھوٹی خبروں اور افواہوں کی پاکستان عوامی تحریک سخت الفاظ میں مذمت کرتی ہے۔ یہ افواہیں وہی لوگ پھیلاتے ہیں جو سچائی کا سامنا نہیں کر سکتے۔ پاکستانی عوام اپنے حقیقی قائد کی پہچان کر چکی ہے اور برق رفتاری سے پاکستان عوامی تحریک میں شامل ہو رہی ہے۔ سوشل میڈیا فیس بک پر ڈاکٹر طاہر القادری کے ذاتی پیج پر روزانہ کم و بیش 10 ہزار افراد ڈاکٹر طاہر القادری کے مداحوں میں اپنا نام درج کر رہے ہیں۔ یہ صورت حال دیکھ کر کرپٹ اور ڈرگ مافیا بوکھلاہٹ کا شکار ہو چکا ہے، اسی لیے اپنی پرانی روش افواہیں پھیلانے پر اتر آیا ہے۔ اب ان لوگوں کو عوام کو حساب دینا ہی پڑے گا۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top