مصر: جامعۃ الازھر میں منہاجینز کے زیراہتمام محفل میلاد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم

ماہ ربیع الاول میں آمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے موقع پر دنیا اسلام کی طرح جامعۃ الازہر مصر میں بھی منہاجینز کے زیراہتمام محفل میلاد مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم کا انعقاد کیا گیا۔ محفل کا اہتمام الازہر يونيورسٹی کے مرکزی ہاسٹل کی جامع مسجد میں کیاگیا۔ پروگرام کی سرپرستی حافظ محمد شاھد اور محمد علی نےکی۔

محفل کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن مجید سے کیاگیا، جس کی سعادت قاری سید خالد حمید كاظمى نے حاصل کی اور سامعین کے قلوب و اذہان کو صحیفہ انقلاب کے نور سےمنور کیا، جس کے بعد بارگاہ مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم میں مدح سرائی اور قصیدہ خوانی کا سلسلہ شروع ہوا۔حافظ محمدخلیل نےعثمان افتخار، محمد طاہر، محمدکاشف اور حسن کے ہمراہ حضور عليہ السلام كى بارگاہ میں نعت كا نذرانہ پیش کیا، جس کو بہت زیادہ سراہا گیا۔ نعت خوانی کے دوران حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی آمد کی خوشی میں بلند آواز سے صلوٰۃ والسلام کے نذرانے بھی پیش کئے گئے۔

مسجد کو رنگا رنگ روشنیوں اور قمقموں سے سجایا گیا تھا اور جھنڈیاں بھی لگائی گئیں۔پاکستان کے علاوہ انڈونیشیا کے نعت خواں حضرات نے بھی اپنے روایتی انداز میں بارگاہ مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم میں عربی قصیدہ پیش کیا۔ نقابت کے فرائض حافظ محمد نعلین مصطفی، سید حسین شاہ الدپوسی اورمحمد عمران نے سر انجام دیے۔ الشیخ الدکتور جمال فاروق الازہری نے ابتدائی خطبہ پیش کیا، جبکہ الشیخ ھشام کامل حامد موسی الشافعی الازہری نے خصوصی خطاب کیا۔

محفل میں اس وقت ایک رقت آمیز منظر دکھائی دیا جب الشیخ ھشام کامل حامد موسی الشافعی الازہری نے محبت مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے کچھ لطیف پہلؤوں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے خصائص اور فضائل پر سیر حاصل گفتگو کی، جس پر سامعین بہت زیادہ محضوظ ہوئے۔ آخر پر کلمات تشکر حافظ محمد ہارون عباسی نے ادا کئے۔ مہمانوں کو تحائف بھی دیئے گئے۔ مہمانان گرامی میں الازہر یونیورسٹی کے پروفیسرڈاکٹر غلام محمد قمر الازہری خصوصی طور پر تشریف لائے اس کے علاوہ صاحبزادہ ضیاء المصطفی مکی، حافظ محمد عرفان الازہری، گل شاہ دین الازہری، راجہ افتخار، محمد اسد لودھی اور مغرب سے تشریف لائے ہوئے علماء کے وفد نے خصوصی شرکت کی۔ پروگرام کے آخر پر ضیافت کا خصوصی اہتمام کیا گیا۔ علاوہ ازیں راجہ افتخار نے محفل میلاد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا اہتمام کیا جس میں منہاجینز نے کثیرتعداد میں شرکت کی اور حضور علیہ السلام کے میلاد پاک کی خوشی میں کیک بھی کاٹا گیا۔

رپورٹ : غلام صمدانی، قاہرہ

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top