سیدہ فاطمۃ الزہراء سلام اللہ علیھا کی شخصیت پوری انسانیت کیلئے عظمت کا مینارہ نور ہے: فرح ناز

ماؤں کو اولاد کی تربیت کیلئے رہنماء اصول بتول زہراہ کے قدموں کے نشانات سے تلاش کرنے ہونگے‎
حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا سلسلہ نسب اپنی بیٹی سیدہ کائنات سلام اللہ علیھا کی معرفت سے چلا اور قیامت تک چلتا رہے گا‎
معاشرے کی ہر عورت سیدہ کائنات سلام اللہ علیھا کے در اقدس سے سیرت و کردار اور عفت و حیا کی خیرات کی دولت لے
منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیر اہتمام تربیتی نشست سے خطاب

لاہور (11 اپریل 2015) منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی صدر فرح ناز نے کہا ہے کہ سیدہ فاطمۃ الزہراء سلام اللہ علیھا کی شخصیت پوری انسانیت کیلئے عظمت کا مینارہ نور ہے تعلیمات زہراہ پر عمل کرنا ہی خواتین کیلئے راہ نجات ہے۔ سیدہ کائنات کی تعلیمات کو اگلی نسلوں میں منتقل کرنے ماؤں کو اولاد کی تربیت کیلئے رہنماء اصول بتول زہراہ کے قدموں کے نشانات سے تلاش کرنے ہونگے۔ سیدہ کائنات نے امام حسن علیہ السلام، امام حسین علیہ السلام اور سیدہ زینب سلام اللہ علیھا کی ایسی تربیت فرمائی کہ انہوں نے پوری انسانیت کو بچا لیا۔ آج سیدہ فاطمۃ الزہراء کے اسوہ پر چلنے والی ماؤں، بہنوں اور بیٹیوں کی ضرورت ہے۔ افسوس آج ہمارے بد اعمال موجودہ حکمرانوں کی شکل میں ہم پر مسلط ہیں، اگر اعمال کی اصلاح کر لیں تو ہمارے حالات بدل سکتے ہیں۔ امت مسلمہ کی خواتین کو سیدہ کائنات کی صفات میں ڈھل کر انکے کردار کا مظہر بننا ہو گا تبھی زوال عروج میں بدلے گا۔ خواتین کو سیدہ کائنات فاطمۃ الزہراء کے اسوہ سے اپنے عمل کی راہ متعین کرنا ہو گی۔ ماؤں کو اپنی اولاد کی تربیت اس انداز میں کرنا ہو گی کہ ہماری آئیندہ نسل سیدہ فاطمۃ الزہراء کے مشن کو آگے بڑھائے اور اسلام کی نشاۃ ثانیہ کیلئے اپنے تن من دھن کو لٹانے والی بنیں۔ سیدہ فاطمۃ الزہراء سلام اللہ علیھا کی ذات مبارکہ آج کی عورت کیلئے نمونہ عمل ہے۔ وہ مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیر اہتمام تربیتی نشست میں سیدہ کائنات سلام اللہ علیھا کے یوم ولادت کے حوالے سے خطاب کر رہی تھیں۔ اس موقع پر عائشہ شبیر، عطیہ بنین، گلشن ارشاد، ملکہ صبا، فریدہ سجاد اور منہاج القرآن ویمن لیگ کی دیگر مرکزی، صوبائی و ضلعی رہنماء موجود تھیں۔ فرح ناز نے کہا کہ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو سیدہ فاطمۃ الزہراء سلام اللہ علیھا سے بے پناہ محبت تھی۔ اسی لیے تو آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ارشاد فرمایا کہ فاطمہ سلام اللہ علیھا میرے جسم کا ٹکڑا ہے۔ جس نے فاطمہ کو ناراض کیا اس نے مجھے بھی ناراض کیا اور جو فاطمہ سے محبت کرے گا وہ دوزخ سے آزاد ہو گا۔ فرح ناز نے کہا کہ سیدہ فاطمۃ الزہراء سلام اللہ علیھا سیدہ کائنات سلام اللہ علیھا سیدہ محشر ہیں۔ آپ سلام اللہ علیھا کی ذات مقدسہ حسن سیرت اور حسن بصیرت کا مرقعہ تھی۔ خواتین میں ذہانت، فطانت اور علم حدیچ کی میراث کو منتقل کرنے میں سیدہ کائنات سلام اللہ علیھا کا اہم کردار ہے۔ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے نسبت رکھنے والی ہستیوں کا ذکر کثیر خیر و برکت کا باعث ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کی ماں، بہن، بیٹی اور بیوی کو اپنے کردار سیدہ کائنات سلام اللہ علیھا کی سیرت میں ڈھالنا ہو نگے تاکہ حضرت امام حسن علیہ السلام اور امام حسین علیہ السلام کی سیرت کو زندہ رکھنے والے سکوت پیدا ہوں جو اسلام کے زوال کو عروج میں بدل دیں۔ نئی نسل کی تربیت کیلئے سیدہ کائنات سلام اللہ علیھا کی سیرت و کردار کامل نمونہ ہے۔ سیدہ فاطمۃ الزاہراہ کے اسوہ پر عمل کر کے ہی آج اسلام کے خلاف سازشوں پر قابو پایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا محسن انسانیت حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اپنی پیاری بیٹی سیدہ فاطمۃ الزہراء سلام اللہ علیھا کی تکریم کیلئے اپنی چادر زمین پر بچھاتے اور پیار سے انکے ماتھے پر بوسہ دیتے۔ بیٹی ایک قابل احترام ہستی ہے جسکی توقیر آقا ئے دو جہاں نے احتراماً کھڑے ہو کر پوری انسانیت پر واجب کر دی۔ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی محبت کا اعجاز ہے کہ ساری دنیا اپنا حسب نسب اپنی وراثت اور جانشینی اپنے بیٹے میں دیکھتی ہے مگر آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا سلسلہ نسب اپنی بیٹی سیدہ کائنات سلام اللہ علیھا کی معرفت سے چلا اور قیامت تک چلتا رہے گا۔ سیدہ کائنات کی گفتار حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے طرز تکلم کی کامل شبیہ، آپ سلام اللہ علیھا کا کردار اخلاق مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا مظہر اور آپ کا صبر و ایثار کردار مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی جھلک تھا، معاشرے کی ہر عورت سیدہ کائنات کے در اقدس سے سیرت و کردار اور عفت و حیا کی خیرات کی دولت لے۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top