بلوچستان میں بھتہ مافیا کو پیسے دئیے بغیر کوئی ٹھیکیدار نالی بھی نہیں بنا سکتا

مورخہ: 19 مئی 2015ء

عوامی تحریک بلوچستان کے رہنماؤں کی ظہور احمد خان کھوسہ کی قیادت میں خرم نواز گنڈاپور سے ملاقات
وزیراعلیٰ بلوچستان وفاق کو پیکج دینے کی بجائے پہلے اپنی ذمہ داریاں پوری کریں، ظہور خان کھوسہ

لاہور (19 مئی 2015) پاکستان عوامی تحریک بلوچستان کے رہنماؤں کے ایک وفد نے مرکزی نائب صدر ظہور احمد خان کھوسہ کی قیادت میں گزشتہ روز مرکزی سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور سے ملاقات کی اور بلوچستان کے سیاسی و تنظیمی حالات پر تبادلہ خیال کیا، اس موقع پر ظہور احمد کھوسہ نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک وفاقی حکومت کو جتنے مرضی پلان بھجوائیں مگر بلوچستان میں کرپشن کا خاتمہ، فنڈز کی خوردبرد روکنا ان کی ذمہ داری ہے جو پوری نہیں ہو رہی۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان حکومت کے ایک وزیر نے جعفر آباد کی زکوٰۃ کمیٹی کے 23 کروڑ خوردبرد کر لیے۔ ایک شخص کے نام پانچ پانچ سو چیک جاری کیے گئے یہ سب ریکارڈ پر ہے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان یہ کیس نیب کو بھجوائیں دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ و زراء، افسران کرپشن، بھتہ خوری میں ملوث ہیں، بدقسمتی یہ ہے کہ بلوچستان کے عوام کی پسماندگی اور غربت کے راستے کی دیوار کوئی اور نہیں بلوچستان کا حکمران طبقہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگرد گروہوں کو پیسے دیے بغیر کوئی ٹھیکیدار ایک نالی بھی تعمیر نہیں کر سکتا اور یہ سب کچھ بلوچستان کی حکومت کے ناک کے نیچے ہورہا ہے، ڈاکٹر مالک وفاق کی مدد بعد میں مانگیں پہلے جو ان کے کرنے کے اپنے کام ہیں وہ کریں، بلوچستان کی حکومت صرف کاغذوں میں ہے۔ خرم نوازگنڈاپور نے کہاکہ بلوچستان پاکستان کا اہم صوبہ ہے، بلوچستان کا امن اور خوشحالی پاکستان کے امن کیلئے ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلاشبہ بلوچستان کے عوام تکلیف دہ حالات سے دو چار ہیں، ان تکلیفوں کا ازالہ کرنا بلوچستان کی حکومت کی اولین ذمہ داری ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top