عوامی تحریک شعبہ خواتین کل 10 جون شہدائے ماڈل ٹاؤن کی یاد میں لبرٹی چوک میں شمعیں روشن کرے گی‎

مورخہ: 09 جون 2015ء

پی ٹی آئی، مجلس وحدت المسلمین، آل پاکستان مسلم لیگ، سنی اتحاد کونسل اور دیگر جماعتوں کی نمائندہ خواتین شرکت کرینگی
شہدائے ماڈل ٹاؤن سے محبت کا اظہار، شمعیں روشن کر کے اور پھولوں کے گلدستے رکھ کر کیا جائے گا۔ فرح ناز
نام نہاد حکمرانوں سے انتقام انقلاب کی صورت میں لے کر رہیں گے

لاہور (9 جون 2015) پاکستان عوامی تحریک شعبہ خواتین اور منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیراہتمام سانحہ ماڈل ٹاؤن کو ایک سال مکمل ہو جانے کے سلسلے میں حکومتی دہشت گردی، جعلی جے آئی ٹی کی رپورٹ کے خلاف اور شہدائے ماڈل ٹاؤن کی یاد میں کل 10جون (بدھ) کو 6 بجے شام لبرٹی چوک میں احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا۔ احتجاجی مظاہرے میں پی ٹی آئی، مجلس وحدت المسلمین، آل پاکستان مسلم لیگ، مسلم لیگ ق، سنی اتحاد کونسل اور ملک کی دیگر تمام سیاسی، مذہبی اور سماجی جماعتوں کی نمائندہ خواتین شرکت کرینگی۔ احتجاجی مظاہرے میں حکومتی بربریت، انتقامی کارروائیوں اور جعلی جے آئی ٹی رپورٹ کے خلاف احتجاج کیا جائے گا۔

منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی صدر فرح ناز نے احتجاجی مظاہرے کیلئے تشکیل دی گئی انتظامی کمیٹیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہدائے ماڈل ٹاؤن سے محبت کا اظہار، شمعیں روشن کر کے اور پھولوں کے گلدستے رکھ کر کیا جائے گا۔ سفاک اور دہشت گرد حکمرانوں نے 17جون کو معصوم شہریوں کو شہید کر کے ساری قوم کو یہ پیغام دیا کہ وہ انسان نہیں بلکہ ایسے ظالم درندے ہیں جن کے خلاف ساری عوام کو صف آراء ہونا ہوگا۔ پاکستان عوامی تحریک نے اپنے شہدا کو یاد رکھا ہے اور انکی قربانیوں کو فخر کا تاج سمجھتی ہے۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن پر بنائی گئی حکومتی جے آئی ٹی کی رپورٹ عدل و انصاف اور شہدا کے خون سے مذاق ہے، ہم عہد کرتے ہیں کہ شہدا کے خون سے نہ بے وفائی نہیں ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن پر بنائی گئی یکطرفہ حکومتی جے آئی ٹی بے مقصد اور فراڈ پر مبنی تھی۔ پاکستان عوامی تحریک ایسی جعلی جے آئی ٹی کو مسترد کر چکی ہے۔

فرح ناز نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کو ایک سال مکمل ہونے کو ہے ہم اپنے شہید بھائیوں اور بالخصوص بہنوں سے یہ عہد کرتی ہیں کہ حالات چاہے کتنے ہی مشکل کیوں نہ ہوں شہیدوں کا خون رائیگاں نہیں جائیگا۔ نام نہاد حکمرانوں سے انتقام انقلاب کی صورت میں لے کر رہیں گے۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہداء کو انصاف ملنے تک ملک گیر احتجاجی مظاہرے جاری رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ 10جون کو لبرٹی چوک میں احتجاجی مظاہرہ اور 16 جون کو یوم شہداء منایا جائیگا۔ سارے ملک کی شاہرائیں، فضائیں اور ہوائیں اس بات کی گواہ بن جائیں گی کہ ظالم حکمرانوں کے دن گنے جا چکے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top