’’رعد البرق‘‘ جنگی مشقوں سے قوم کا اعتماد بڑھا اور دشمن کے چہرے کا رنگ اڑا:عوامی تحریک

کرپٹ حکمران بدبختی، باصلاحیت فوج اور پرعزم عوام خوش بختی ہے: خرم نواز گنڈاپور
ناقابل تسخیر دفاع کیلئے کرپشن اور دہشت گردی کا گٹھ جوڑ توڑنا ہو گا: سیکرٹری جنرل PAT

لاہور (16 نومبر 2016) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ کامیاب ’’رعد البرق‘‘جنگی مشقوں سے جہاں قوم کا اعتماد بڑھا وہاں دشمن کے چہرے کا بھی رنگ اڑا۔ قوم کو اپنی باصلاحیت افواج پاکستان کی جرآت اور تیاریوں پر فخر ہے۔ کرپٹ حکمران بدبختی، باصلاحیت فوج اور پرعزم عوام خوش قسمتی ہے۔ وہ گزشتہ روز پاکستان عوامی تحریک کے رہنماؤں بشارت جسپال، ساجد محمود بھٹی، نوراللہ صدیقی، چودھری عرفان یوسف، علامہ میر آصف اکبر سے گفتگو کررہے تھے۔

خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے کیلئے کرپشن اور دہشت گردی کے گٹھ جوڑ کو توڑنا قومی سلامتی کا ایک ناگزیر تقاضا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’رعد البرق‘‘ جنگی مشقوں سے دشمن کو اچھی طرح اندازہ ہو گیا کہ پاکستان کے 19 کروڑ عوام اور افواج پاکستان کے شاہین دشمن وطن عزیز کے چپے چپے کا دفاع کرنا بھی جانتے ہیں اور دشمن کے دانت توڑنے کے حربی ہنر سے بھی واقف ہیں۔ نریندر مودی ایٹمی پاکستان پر بری نظر ڈالنا بند کر دے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ ایک بدبختی ہے کہ ایٹمی ملک پاکستان کی باگ دوڑ پاکستان کے تاریخ کے کرپٹ ترین حکمرانوں کے ہاتھ میں ہے۔ سپریم کورٹ کے فلور پر شریف خاندان کی کرپشن کے سارے ثبوت جمع ہیں حکمران خاندان جس انداز سے اپنا مقدمہ لڑرہا ہے وہ انتہائی شرمناک ہے۔ پاناما لیکس کا کیس بھینس چوری کا کیس بن چکا۔ چور سیدھی طرح نہیں مانے گا۔ انہوں نے کہا کہ لندن کے فلیٹس کی خریداری کے حوالے سے تو قطر کے شہزادے کا خط آ گیا دیکھتے ہیں جدہ کی سٹیل مل کی خریداری کے حوالے سے کس شہزادے کا خط پیش کیا جاتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اعتزاز احسن نے درست کہا تھا پاناما لیکس کیس حکمرانوں کے گلے کی گھنٹی ہے۔ یہ جتنا دوڑیں گے یہ گھنٹی اتنی زیادہ شدت سے بجے گی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top