کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز کے زیر اہتمام ’شجر لگاؤ ... اجر کماؤ‘ مذاکرہ

مورخہ: 21 اگست 2019ء

حکومت کی شجرکاری مہم قابل تعریف، عوام اسے کامیاب بنائیں: ڈاکٹر ممتاز الحسن باروی
طلباء کو شجرکاری مہم میں شرکت کی ہدایت، ہر طالب علم اپنے حصے کا درخت لگائے

لاہور (21 اگست 2019ء) منہاج القرآن کے کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز کے زیر اہتمام شجر کاری مہم کے سلسلے میں آگاہی کیلئے خصوصی مذاکرہ ہوا، مذاکرہ میں کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز کی سینئر کلاسز کے طلباء نے حصہ لیا، پرنسپل ڈاکٹر ممتاز الحسن باروی نے مذاکرہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ طلباء ”شجر لگاؤ اجر کماؤ“ کی سوچ کے ساتھ شجر کاری مہم میں حصہ لیں، پاکستان گلوبل وارمنگ کے خطرے کی زد میں سرفہرست ممالک کی صف میں شامل ہے، انہوں نے کہا کہ حکومت کی ایک بشر د و شجر مہم قابل تعریف ہے، عوام اسے سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہو کر کامیاب بنائیں۔ مذاکرہ میں ڈاکٹر ممتاز احمد سدیدی، ڈاکٹر شبیر احمد جامی، ڈاکٹر فیض اللہ بغدادی، ڈاکٹر شفاقت علی بغدادی، کرنل (ر) محمد مہدی، محب اللہ اظہر، صاحبزادہ حافظ محمد موسیٰ نے خطاب کیا۔

ڈاکٹر ممتاز احمد سدیدی نے کہا کہ درخت زندگی کی ضرورت ہی نہیں زمین کی خوبصورتی بھی ہیں اور خوراک کا ایک بڑاذریعہ بھی ہیں، قرآن مجید میں شجرکاری کی بڑی اہمیت اور فضیلت بیان کی گئی ہے، اللہ تعالیٰ نے اپنی نعمتیں گنواتے ہوئے زمین میں باغات، جنگلات اور انواع و اقسام کے پھل دار درختوں کا ذکر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قرآن مجید میں انجیر، زیتون، انار، کیلے، کھجور، انگور کا ذکر تفصیل سے کیا گیا ہے اور انہیں نعمتیں قرار دیا گیا ہے۔ ڈاکٹر فیض اللہ بغدادی نے کہاکہ زندگی اور زمین کی بقا درختوں، باغات اور جنگلات سے منسلک ہے۔ یہ بدبختی ہے کہ ماضی میں درخت لگانے کی بجائے درخت کاٹے گئے اور مافیا نے جنگلات کا صفایا کر دیا اور نتیجتاً پاکستان کی سرزمین کا ٹمپریچر بڑھ گیا۔ اب بھی وقت ہے کہ پاکستان کی زمین کو درختوں سے بھر دیا جائے، درختوں کی بہتات معاشی استحکام کی بھی ضمانت ہے۔ پروفیسر ڈاکٹر خان محمد ملک نے شجرکاری کے موضوع پر مذاکرہ کا اہتمام کرنے پر سینئر طلباء اور فیکلٹیز کی تعریف کی اور کہا کہ قومی اہمیت کے حامل موضوعات پر اس طرح کے سیشن ہوتے رہنے چاہئیں۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top