لاہور: ماہانہ مجلسِ ختم الصلوۃ علی النبی ﷺ و عُرس مُبارک حضور سیدنا طاہر علاؤالدین القادری الگیلانیؒ
منہاج القرآن انٹرنیشنل کے مرکزی سیکرٹریٹ پر ماہانہ مجلسِ ختم الصلوۃ علی النبی ﷺ و عُرس مُبارک حضور قدوۃ الاولیاء سیدنا طاہر علاؤالدین القادری الگیلانی البغدادی رضی اللہ عنہ کا انعقاد کیا گیا۔
تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے تحریک منہاج القرآن کے روحانی سرپرست نقیب الاشراف قدوۃ الاولیا سیدنا طاہر علاءالدین القادری، الگیلانی البغدادی کے عُرس مُبارک کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپ میں اتباع شریعت کمال درجہ کی تھی، اولیاء کاملین سلف صالحین میں سے تھے،آپ کو دین مصطفیٰﷺ سے زیادہ کسی اور چیز سے محبت نہ تھی، آپ کا دسترخوان بہت وسیع تھا لوگوں کو کھانا کھلانا ان کی خاص عبادت تھی، اللہ کے سوا کسی کے حاجت مند نہ تھے، 26 سال ان سے براہ راست نسبت رہی مگر انہوں نے کبھی زبان سے ایسا جملہ ادا نہیں کیا جو قرآن و سنت سے مطابقت نہ رکھتا ہو، بے نیازی کے بغیر ولایت اور صوفیت نہیں ہوتی، حضور قدوۃ اولیاء کی عاجزی و انکساری کا یہ عالم تھا کہ آپ نے کبھی اپنی زبان سے نہیں کہا کہ میں اولاد علی میں سے ہوں، عمل کے بغیر اہل اللہ سے محبت کے خالی دعوے بے کار اور نفس کی دھوکہ دہی ہے۔
عُرس مبارک کی روح پرور تقریب میں ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور، نائب ناظمین اعلیٰ رانا محمد ادریس، انجینئر محمد رفیق نجم، سید الطاف حسین شاہ گیلانی، محمد جواد حامد، نور اللہ صدیقی، صوفی مقصود احمد، راجہ زاہد محمود، علامہ عین الحق بغدادی، ممبر سپریم کونسل میاں مرتضیٰ مرتضائی، شہزاد رسول، حاجی محمد اسحاق، عابد بشیر قادری، آصف سلہریا ایڈووکیٹ، علامہ محمد لطیف مدنی سمیت منہاج ویمن لیگ، منہاج یوتھ لیگ، ایم ایس ایم کے عہدیداروں و کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی، عُرس مبارک کی تقریب میں ملک کے نامور قراء و نعت خواں حضرات نے ہدیہ تبریک پیش کیا۔
تبصرہ