محرم الحرام عظمت و حرمت کا مہینہ ہے: علامہ رانا محمد ادریس
اہلِ بیت اطہارؑ کی محبت ایمان کا تقاضا اور ذریعۂ نجات ہے
امیر المومنین حضرت عمر فاروقؓ کا کردار عدل، دیانت اور جرات کی روشن مثال ہے
نائب ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن کا جامع شیخ الاسلام میں جمعۃ المبارک کے اجتماع سے خطاب

لاہور (12جون 2026) نائب ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن علامہ رانا محمد ادریس قادری نے جامع شیخ الاسلام میں جمعۃ المبارک کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ محرم الحرام اسلامی سال کا پہلا اور عظمت و حرمت والا مہینہ ہے۔ جس کا احترام قرآن و سنت سے ثابت ہے۔ یہ مہینہ مسلمانوں کو تقویٰ، صبر، ایثار، قربانی اور حق پر استقامت کا درس دیتا ہے۔ اہل بیت اطہارؑ کی محبت و احترام ہر مسلمان کے ایمان کا حصہ ہے۔ اہل بیت اطہا ر نے دین اسلام کی سربلندی ،علم و معرفت کے فروغ اور امت کی رہنمائی کےلئے عظیم خدمات انجام دیں۔ اہل بیت اطہار کی مقدس زندگیاں صبر، تقویٰ، اخلاق اور استقامت کا عملی نمونہ ہیں۔ محرم الحرام اہلِ بیت اطہارؑ کی عظیم قربانیوں، خصوصاً واقعۂ کربلا کے آفاقی پیغام کو یاد رکھنے کی تلقین کرتا ہے۔ حضرت امام حسینؑ اور ان کے رفقانے حق، عدل اور دین کی سربلندی کے لیے لازوال قربانیاں پیش کیں جو رہتی دنیا تک انسانیت کے لیے مشعلِ راہ رہیں گی۔
علامہ رانا محمد ادریس نے کہا کہ امیر المومنین حضرت عمر فاروق ؓ کی زندگی عدل، انصاف، جرات اور عوامی خدمت کا روشن مینار ہے۔ آپ ؓ نے اسلامی ریاست کو ایسے مضبوط اصول عطا کئے جن کی بنیاد انصاف، مساوات اور فلاح عامہ پر تھی۔ حضرت عمر فاروق ؓ کا دور خلافت اسلامی تاریخ کا سنہری باب ہے۔آپ نے رعایا کے حقوق کے تحفظ،احتساب،عدالتی نظام کی مضبوطی اور عوامی فلاح کےلئے بے مثال اقدامات کئے جن سے آج بھی دنیا رہنمائی حاصل کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اہلِ بیت اطہارؑ اور صحابۂ کرامؓ کی پاکیزہ زندگیاں امتِ مسلمہ کے لیے اتحاد، اخوت، محبت اور باہمی احترام کا درس دیتی ہیں۔ موجودہ دور میں ضرورت اس امر کی ہے کہ مسلمان فرقہ واریت، تعصب اور نفرت سے بچتے ہوئے اسلامی تعلیمات کی روشنی میں اتحادِ امت کو فروغ دیں۔ انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے تقدس کا احترام کریں، امن، رواداری ، بھائی چارے کو فروغ دیں اور قرآن و سنت، صحابہ کرامؓ اور اہلِ بیت اطہارؑ کی تعلیمات سے رہنمائی حاصل کرتے ہوئے معاشرے میں محبت، اخوت اور یکجہتی کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔


















تبصرہ