منہاج القرآن یوتھ لیگ نوجوانوں کو بے مقصدیت کی دلدل سے نکال کر آقا (ص) کا دیوانہ بنانے پر محنت کر رہی ہے : چوہدری بابر علی

مورخہ: 22 جون 2011ء

نوجوانوں کی اخلاقی و روحانی تربیت کے بغیر کوئی قوم ترقی نہیں کرسکتی
منہاج القرآن یوتھ لیگ کے مرکزی صدر چوہدری بابر علی کی راولپنڈی کے تنظیمی دورے کے دوران وفد سے گفتگو

منہاج القرآن یوتھ لیگ کے مرکزی صدر چوہدری بابر علی نے کہا کہ نوجوان کسی بھی قوم کا سرمایہ ہوتے ہیں مگر آج کے نوجوانوں کی اکثریت بے مقصدیت کی زندگی گزار رہی ہے۔ آج کے مادیت زدہ ماحول نے نوجوان کو نفسانی خواہشات کے پیچھے لگا دیا ہے۔ منہاج القرآن یوتھ لیگ نوجوانوں کو بے مقصدیت کی دلدل سے نکال کر آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا دیوانہ بنانے پر محنت کر رہی ہے۔ جب نوجوانوں کا تعلق اپنے آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات سے پختہ ہو جائے گا تو وہ ہر میدان میں اپنے ٹیلنٹ اور محنت کے بل بوتے پر اعلیٰ مقام حاصل کر لیں گے اور عظمت و رفعت ان کا مقدر بنا دی جائے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد / راولپنڈی سے آئے منہاج القرآن یوتھ لیگ کے وفد سے مرکزی سیکرٹریٹ لاہور میں ملاقا ت کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے عالمی سطح پر نوجوانوں کی تربیت جس احسن طریقے سے کی ہے اسی کا نتیجہ ہے کہ مادہ پرستی کے جہنم میں جلنے والا نوجوان روحانی محفل کی رونق بن چکا ہے۔ اس کے قدم سینماؤں اور شراب خانوں سے واپس لوٹ آئے ہیں۔ وہ اخلاقی و روحانی کردار کا پیکر بن کر دنیا میں اسلام کا پیغام محبت و امن عام کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس دن عشق رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا حصول نوجوانوں کی پہلی ترجیح بن گیا، پوری دنیا میں اسلام کی عظمت و رفعت بحال ہو جائے گی۔ آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات سے قلبی تعلق ہی نوجوانوں کی اصل متاع ہے۔

چوہدری بابر علی نے کہا کہ نوجوان اپنی زندگیوں کو حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سیرت مبارکہ کے مطابق ڈھالیں اور دینی تعلیم کے ساتھ جدید سائنسی علوم سیکھنے پر بھی توجہ مرکوز کریں۔ نوجوانوں کی اخلاقی و روحانی تربیت کے بغیر کوئی قوم ترقی نہیں کر سکتی۔ نوجوانوں کی توانائیوں کو مثبت سمت دے کر ان کی صلاحیتوں کو ملک و قوم کی بحالی کے لیے استعمال میں لانے کا عزم اور اس پر فوری عمل ہی ہمیں تباہی کے گڑھے سے نکال سکتا ہے۔ وفد سے ملاقات کے دوران اشتیاق حنیف، طیب ضیاء و دیگر بھی موجود تھے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top