نظامت دعوت و تربیت کے زیراہتمام معملین و معلمات کا تربیتی کیمپ

تحریک منہاج القرآن کی نظامت دعوت و تربیت کے تحت معلمین اور معلمات کیلئے دس روزہ تربیتی کیمپ راولپنڈی میں شروع ہوگیا ہے۔ کیمپ کا انعقاد راولپنڈی کے ضلعی سیکرٹریٹ میں کیا گیا، جہاں مرکزی نظامت تربیت کے نائب ناظم علامہ محمد شریف کمالوی تدریسی فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔ کیمپ میں شریک اسکالرز کو علم التجوید، تفسیر، عربی گرائمر کے علاوہ طریقہ تدریس پر مشتمل عرفان القرآن (ترجمہ قرآن) کا نصاب بھی پڑھایا جائے گا۔ دس روزہ تربیت کے بعد یہ اسکالرز پورے ملک میں "عرفان القرآن" اور "آئیں دین سیکھیں" کورسز کیلئے اپنی خدمات سر انجام دیں گے۔

کیمپ کے افتتاحی سیشن میں علامہ محمد شریف کمالوی نے کہا کہ اس کیمپ کا بنیادی مقصد قرآن مجید کو پڑھانے کے لیے معملین کو جدید اور آسان طریقہ تدریس کی تربیت دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے آج لوگوں کا قرآن مجید سے تعلق رسمی نوعیت کا بن گیا ہے۔ مادیت نے ہمارے معاشرے کا سکون چھین لیا، جس سے ہم قرآن پاک کو صرف الماریوں میں سجانے اور قسمیں اٹھانے کے لیے استعمال کررہے ہیں۔ تحریک منہاج القرآن نے امت کو رجوع الیٰ القرآن کا درس دیا ہے، جس کی تکمیل کے لیے درودس عرفان القرآن شروع کیے گئے، اس کے لیے معلمین کو تیار کیا جارہا ہے۔ اس کیمپ کے ذریعے ایسے اسکالرز اور معلمین کو تیار کرنا مقصود ہے جو قرآن مجید پڑھانے کے ساتھ لوگوں کا قرآن سے ٹوٹا تعلق بحال اور مضبوط کر نے میں عملی مدد دے سکیں۔

انہوں نے کہا کہ قرآن مجید کو پڑھ کر، سمجھ کر اور ارشادات ربانی پر عمل پیرا ہو کر ہی ہم حقیقی مسلمان بن سکتے ہیں۔ دس روزہ کورس کا تربیتی نصاب کہنہ مشق اساتذہ کی کئی سالوں کی عرق ریزی کے بعد تیار کیا گیا۔ جو معلمین کو فکری اور تکنیکی اعتبار سے بااعتماد بنا دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک منہا ج القرآن کی نظامت دعوت و تربیت کے سکالرز پورے ملک میں فہم قرآن کیلئے جو خدمات سر انجام دے رہے ہیں اس سے معاشرے میں مثبت قدروں کے فروغ میں بہت مدد ملے گی۔ اس پروگرام کا اختتام دعا سے ہوا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top