کھلاڑیوں کا مذموم عمل مقتدر طبقے کے کردار کا آئینہ ہے: ڈاکٹر رحیق احمد عباسی
ہمارے ادارے کرپشن کی غلاظت میں لتھڑے ہوئے ہیں
اعلیٰ عدلیہ تاریخی فیصلہ دے کر طاقت کے ہر ایوان کو کرپشن سے پاک کرے
بڑے مگرمچھوں پر ہاتھ نہ ڈالا گیا تو ملک و قوم کی بدنامی کا سلسلہ جاری رہے گا
تحریک منہاج القرآن کے ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے پاکستانی کرکٹرز کی کرپشن کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے پاکستان کرکٹ کا سیاہ باب اور انہیں دی جانیوالی سزاؤں کا مستحق قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کا یہ عمل ہمارے مقتدر طبقے کے کردار کا آئینہ ہے۔ ا فسوس کہ سیاست دان اور بیورو کریسی سمیت ہمارے تمام ادارے کرپشن کی غلاظت میں لتھڑے ہوئے ہیں۔ پاکستانی عوام منتظر ہیں کہ اعلیٰ عدلیہ کرپٹ ترین مقتدر طبقے کے خلاف تاریخی فیصلہ دے کر طاقت کے ہر ایوان کو کرپشن سے پاک کرے۔ پاکستان میں کرپشن کلچر نے ملک کی جڑوں کو کھوکھلا کر دیا ہے۔ کرکٹرز کی کرپشن نے ہمارے ملک کے اس ناسور کو عالمی سطح پر آشکارا کر دیا ہے جو ہر پاکستانی کیلئے باعث ندامت ہے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ ظالمانہ نظام پاکستان میں کرپشن کے کلچر کا محافظ ہے جب تک اقتدار کے ایوانوں میں بیٹھے بڑے مگرمچھوں پر ہاتھ نہیں ڈالا جائے گا ملک و قوم کی بدنامی کا یہ سلسلہ جاری رہے گا۔ اس حوالے سے اعلیٰ عدلیہ بڑا فیصلہ دے کر ملک کی ساکھ کو بچانے اور کرپشن کی لعنت سے پاک کرنے میں اپنا کردار ادا کرے۔
تبصرہ