منہاج یونیورسٹی بغداد ٹاؤن میں عرفان القرآن کورس کا آغاز

نظامت تربیت تحریک منہاج القرآن کے زیراہتمام منہاج یونیورسٹی نیوکیمپس بغداد ٹاؤن میں عرفان القرآن کورس کا آغاز کیا گیا۔ افتتاحی تقریب 19 اپریل 2012ء بروز جمعرات اکیڈمک بلاک منہاج یونیورسٹی میں منعقد کی گئی۔ جس میں مرکزی ناظم عرفان القرآن کورسز علامہ محمد شریف کمالوی، پروفیسر محمد آصف محمود، پروفیسر محمد عرفان شہزاد اور یونیورسٹی کے طلبہ وطالبات نے شرکت کی۔ تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کی سعادت محمد حسن نے حاصل کی۔ اس کے بعد حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ اقدس میں ہدیہ نعت اور درود وسلام پیش کیے گئے۔ نقابت کے فرائض محمد عرفان شہزاد نے سرانجام دیئے۔

اس موقع پر علامہ محمد شریف کمالوی نے عرفان القرآن کورس کا مکمل تعارف پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ کورس قرآن کی معرفت اور پہچان کا کورس ہے اس کا مقصد لوگوں کو رجوع الی القرآن سے وابستہ کرنا ہے چونکہ آج امت مسلمہ میں یہ تعلق کمزور ہوتا جا رہا ہے جس وجہ سے ہم پوری دنیا میں تنزلی کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب ضرورت اس امر کی ہے کہ اپنے اکابرین واسلاف کی طرح دوبارہ اس کو تھام لیا جائے تاکہ پھر سے دنیا پر اسلام کا پرچم لہرا سکے۔ انہوں نے اس کورس کے بارے میں مزید تفصیلات بیان کرتے ہوئے کہا کہ ہم اس میں تجوید، ترجمہ قرآن، قرآنی گرائمر، تفسیر اور اصول تفسیر، احادیث مبارکہ اور روز مرہ کی زندگی میں مستعمل دعاؤں پر مشتمل منتخب نصاب پڑھائیں گے جس کے بعد اس تعلیم کو عملی شکل دینے کی کوشش کی جائے گی۔

بعدازاں پروفیسر محمد آصف محمود نے شرکاء کورس سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ قرآن پاک کی تعلیم کو فروغ دینا آج کے دور میں بہت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ مبارک باد کے مستحق ہیں وہ لوگ جو اس مقدس فریضہ کو سرانجام دے رہے ہیں اور وہ بھی جو ان قرآنی تعلیمات کو حاصل کرتے ہوئے اپنی زندگی میں نافذ کر رہے ہیں۔ تقریب کے اختتام پر ملک وقوم کی سلامتی اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی درازی عمر اور مشن کے مزید فروغ کے لئے خصوصی دعا کی گئی۔

رپورٹ: عظمت فرید جوئیہ

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top