ڈاکٹر طاہر القادری نے حقیقی جمہوریت کا اصل دشمن موجودہ انتخابی نظام کو قرار دے کر اصل مرض کی تشخیص کردی تھی : فاروق بٹ

مورخہ: 19 مئی 2013ء

موجودہ عوام دشمن نظام کے تحت چلنے والی جعلی جمہوریت میں عوام کو صرف ووٹ دینے کا حق ہے لینے کا نہیں
پچھلے 65 سالوں سے ملک و قوم کی تقدیر پر قابض دو فیصد طبقے کے مفادات ایک ہیں

پاکستان عوامی تحریک اسلام آباد کے صدر فاروق بٹ نے کہا ہے کہ پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہر القادری نے حقیقی جمہوریت کا اصل دشمن موجودہ انتخابی نظام کو قرار دے کر اصل مرض کی تشخیص کردی تھی اور ساری قوم کو الیکشن سے قبل ہی واضح کر دیا تھا کہ انتخابی اصلاحات کے بغیر ملک میں حقیقی جمہوریت لانا ناممکن ہے۔ 11 مئی کے نام نہاد غیر آئینی الیکشن کے بعد ساری قوم پر واضح ہوگیا ہے کہ موجودہ عوام دشمن نظام کے تحت چلنے والی جعلی جمہوریت میں عوام کو صرف ووٹ دینے کا حق ہے لینے کا نہیں۔ پچھلے 65 سالوں سے ملک و قوم کی تقدیر پر قابض دو فیصد طبقے کے مفادات ایک ہیں۔ مگر انہوں نے مختلف پارٹیوں کے ماسک چڑھا رکھے ہیں۔ سیاست کو کوئلے کا کاروبار بنانے والے ہی موجودہ کرپٹ انتخابی نظام پر متفق ہیں۔ سیاست تو دین کا ایک جزو ہے جس کی روح عوام کی خدمت سے عبارت ہے۔ پاکستان عوامی تحریک کی بیداری شعور عوامی مہم ملک میں حقیقی تبدیلی، حقیقی جمہوریت اور حقیقی خوشحالی کی بنیاد ثابت ہوگی۔

وہ گزشتہ روز اسلام آباد میڈیا سیل میں ملاقات کے لیے آنے والے پاکستان عوامی تحریک اسلام آباد کے مختلف سیکٹرز کے وفود سے ملاقات میں گفتگو کر رہے تھے جبکہ اس موقع پرابرار رضا ایڈووکیٹ، غضنفر کھوکھر، انصار ملک، عرفان طاہر، جاوید ججہ، سعید خان نیازی اور دیگر بھی موجود تھے۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کے نتائج نے ثابت کر دیا ہے کہ موجودہ استحصالی انتخابی نظام صوبوں اور مرکز میں 5سال اقتدار کے مزے لوٹنے والی سیاسی جماعتوں کے مفادات کا محافظ ہے۔ فاروق بٹ نے کہا کہ 11 مئی کے الیکشن دنیا کے واحد انتخابات ہیں جس کے بعد جیتنے اور ہارنے والے دونوں احتجاجی دھرنے دے رہے ہیں۔ غیر آئینی، غیر قانونی اور غیر اخلاقی الیکشن کمیشن خود اپنے آپ کو مبارکباد دے کر ہر روز قوم سے نیا جھوٹ بولتا ہے۔ سیاسی جماعتوں نے اربوں روپے کی میڈیا کمپین چلائی۔ الیکشن کمیشن کی 10سے 15 لاکھ کی پابندی کو ہر حلقے میں ہوا میں اڑا دیا گیا اور ان الیکشن کے بعد بننے والی جعلی پارلیمنٹ آرٹیکل 63، 62 کے دانت بھی نکال دے گی۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top