عوام لوڈ شیڈنگ سے تنگ ہیں جبکہ بحران کو حل کرنے کے دعویدار اب جان چھڑا رہے ہیں، خرم نواز گنڈا پور

مورخہ: 21 مئی 2013ء

11 مئی کے الیکشن کے بعد ساری جماعتیں بر سراقتدار ہیں اس لیے حقیقی اپوزیشن کا وجود نہیں
پاکستان کے انتخابات سے عالمی طاقتیں اپنے مقاصد کا حصول چاہتی ہیں

پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے کہا ہے کہ عوام لوڈ شیڈنگ سے تنگ ہیں جبکہ بحران کو حل کرنے کے دعوے کرنیوالے اب جان چھڑا رہے ہیں اور عوام کے مسائل کو حل کرنا انکی ترجیحات میں شامل نہیں۔ 11 مئی کے الیکشن کے بعد عوام کو اندازہ ہو چکا ہے کہ الیکشن کے نام پر اسکے ساتھ کتنا بڑا دھوکا ہوا ہے۔ دنیا کی تاریخ کا انوکھا اور واحد الیکشن ہے جس میں ہارنے اور جیتنے والے دونوں سر پیٹ رہے ہیں اور دھرنے دے رہے ہیں۔ 11 مئی کے الیکشن نے امانت و دیانت کا جنازہ نکال دیا ہے اور آئین کی دھجیاں ہر سو بکھیر دی ہیں۔ وہ گزشتہ روز مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹائون لاہور میں پاکستان عوامی تحریک کی مشاورتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر جواد حامد، ساجد بھٹی، فیاض وڑائچ، قاضی فیض الاسلام، بشارت عزیز جسپال اور ڈاکٹر تنویر اعظم بھی موجود تھے۔

خرم نواز گنڈا پور نے کہا کہ نام نہاد جمہوری نظام کو پاکستان میں چلایا تو جارہا ہے مگر یہ ملک وقوم کو ہمیشہ حقیقی جمہوریت سے دور رکھے گا کیونکہ جن ملکوں میں یہ نظام کامیابی سے چل رہا ہے وہاں خواندگی اور شعور کا تناسب بہت بلند ہے۔ وہاں الیکشن کمیشن آزاد ہے اور مقتدر بھی قانون سے مبرا نہیں ہیں وہاں الیکشن میں برادری سسٹم، غنڈہ گردی اور پیسے کا عمل دخل نہیں ہے۔ وہاں ہر شخص جانتا ہے کہ فلاں پارٹی اگر اقتدار میں آئی ہے تو اس کی خارجہ پالیسی، معاشی اور داخلہ پالیسی کیا ہوگی۔ بے روزگاری کے خاتمے کے لیے اس کا پروگرام کیا ہوگا اور ملک کے دیگر مسائل کے لیے اس کا منشور کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس ملک میں اشرافیہ ہی سب سے بڑی مافیا ہے۔ پاکستان عوامی تحریک پوری عوامی طاقت او ر قوم کی حمایت کے ساتھ اشرافیہ سے حلقوں کے قبضے چھڑائے گی۔ ملک میں موجود سیاسی جماعتیں بھی اس کرپٹ سسٹم کی قیدی ہیںاگر اس عوام دشمن نظام کو بدل دیا جائے تو پارٹیاں اور قوم دونوں آزاد ہوجائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ عوام کو اس الیکشن ڈرامے کے بعد جان لینا چاہیے کہ جعلی ڈگری والے بھی کرپٹ اور انہیں دیانت دار قرار دینے والے بھی کرپٹ ہیں۔ موجودہ نظام انتخاب دھن، دھونس اور دھاندلی ہے اس لیے نیک نیتی سے تبدیلی چاہنے والے بھی موجودہ کرپٹ نظام کے تحت تبدیلی نہیں لاسکتے۔

انہوں نے کہا کہ 11مئی کے الیکشن کے بعد ایک بار پھر ساری جماعتیں بر سراقتدار ہیں اس لیے حقیقی اپوزیشن کا وجود نہیں ہوگا۔ پاکستان کے انتخابات سے عالمی طاقتیں اپنے مقاصد کا حصول چاہتی ہیں۔ ساری قوم کو سمجھنا ہوگا کہ یہ کرپٹ نظام انتخاب ملک میں تبدیلی نہیں لاسکتا۔ قوم پاکستان عوامی تحریک کا ساتھ دے تو ان کو حقیقی تبدیلی ضرور ملے گی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top