ملک کی بقا اور سالمیت دائو پر لگ چکی، کرپٹ لوگوں کے سیاسی کردار کو ختم کرنا ہوگا۔ بشارت عزیز جسپال

مورخہ: 23 مئی 2013ء

حقیقی تبدیلی کیلئے موجودہ کرپٹ نظام انتخاب کے خلاف اٹھنا ہو گا
بے روز گاری، مہنگائی، دہشت گردی اور عدم تحفظ کے شدید احساس نے عوام کو جکڑ رکھا ہے

پاکستان اپنوں کے غلط فیصلوں کی وجہ سے خطرناک ترین بحرانوں سے گزر رہا ہے، ملک کی بقا اور سا لمیت دائو پر لگ چکی ہے، معیشت تباہی کے دھانے پر ہے، ملک دیوالیہ ہو چکا ہے، صنعتیں بند ہونے کی وجہ سے لاکھوں مزدور بے روز گار ہو چکے، اقتدار پر قابض مقتدر طبقات ملک کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہے ہیں اور کرپٹ نظام انتخاب انہیں ہر دفعہ اقتدار حاصل کرنے میں کامیاب بناتا ہے۔ جب تک اس فرسودہ انتخابی نظام میں بنیادی اصلاحات نہیں کی جاتیںیہ نظام انتخاب کرپٹ لوگوں کو اقتدار میں لاتا رہے گا۔ ان خیالات کا اظہار صدر پاکستان عوامی تحریک پنجاب بشارت عزیز جسپال نے پاکستان عوامی تحریک پنجاب کے سینٹرل کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر تنویر اعظم سندھو، چوہدری افضل گجر، ساجد بھٹی اور جواد حامد بھی موجود تھے۔

انہوں نے کہاکہ موجودہ نظام انتخاب سے ربڑ سٹیمپ پارلیمنٹ جنم لیتی ہے جو صرف مقتدر طبقات کے تحفظ کے لئے ہوتی ہے۔ قوم ظالمانہ، استحصالی اور منافقانہ نظام انتخاب کے خلاف اٹھ کھڑی ہو۔ آج کرپٹ لوگوں کے سیاسی کردار کو ختم کرنا ہوگا۔ ملک میں حقیقی تبدیلی کیلئے موجودہ کرپٹ نظام انتخاب کے خلاف اٹھنا ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ عوام توانائی کے اذیت ناک بحران کا ڈائریکٹ نشانہ بنے ہوئے ہیں۔ خسرہ، ڈینگی وائرس، بے روز گاری، مہنگائی، دہشت گردی اور عدم تحفظ کے شدید احساس نے تو پہلے ہی عوام کی زندگی ا جیرن کر رکھی تھی مگر اس شدید گرم موسم میں طویل لوڈشیڈنگ نے تو ان سے جینے کا حق بھی چھین لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 11 مئی کے انتخابات کے نتائج نے ثابت ہو گیا ہے کہ جب تک عوام مسائل کی بنیادی جڑ کرپٹ نظام انتخاب کو مسترد نہیں کرے گی تبدیلی کا نام و نشان بھی نہیں ملے گا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top