انبیاء کرام علیہم السلام، صحابہ رضی اللہ عنہم، صلحاء اُمت اور اولیاء اللہ کا راستہ اختیار کرنے میں ہی کامیابی کی ضمانت ہے۔ فرح ناز

مورخہ: 03 جون 2013ء

موجودہ دور زوال میں شیطان اور نفس کے ہتھکنڈوں سے بچنے کیلئے نیک لوگوں کی صحبت اختیار کی جائے
فرح ناز کا درس عرفان القرآن سے خطاب

منہاج القرآن گرلز کالج کے زیراہتمام درس عرفان القرآن سے خطاب کرتے ہوئے کالج کی پرنسپل فرح ناز نے کہا کہ آج انسانیت دنیاوی واخروی کامیابی کے حصول کے لیے سرگرداں ہے جبکہ قرآن حکیم نے کئی صدیاں پہلے اس عقدہ کو حل کر دیا ہے اور اللہ نے اپنی کتاب قرآن مجید میں متلاشیان صراط مستقیم کی رہنمائی کے لیے فرمایا کہ سیدھا راستہ ان لوگوں کا راستہ ہے جن پر اللہ نے انعام فرمایا اور جو غضب الہٰی کا شکار ہوئے اور راہ راست سے بھٹک گئے ان کا راستہ صراط مستقیم نہیں۔ انہوں نے کہا کہ انبیاء کرام علیہم السلام، صحابہ رضی اللہ عنہم، صلحاء اُمت اور اولیاء اللہ کا راستہ اختیار کرنے میں ہی کامیابی کی ضمانت ہے۔ جن لوگوں نے اپنی زندگی اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے بتائے ہوئے طریقے کے مطابق بسر کی ان لوگوں کے نقش قدم پر چلنے میں ہی یقینا فلاح دارین ہے۔ اچھی اور نیک سنگت دنیا و آخرت کی کامیابی کی ضامن ہے۔ اہل حق سے نسبت محبت والفت اور ان کی صحبت کا حصول یقینا اللہ کی بہت بڑی نعمت ہے۔

فرح نازنے کہا کہ کسی بھی انسان کے لئے بظاہر اپنے ہی جیسے انسان کے عمل کے مطابق اپنی زندگی کو بسر کرنا آسان ہوتا ہے یہی وجہ ہے کہ امت کے لیے انبیاء اور صلحاء کی پیروی کرنے میں کامیابی کی ضمانت رکھی گئی۔ انہوں نے کہا کہ نیک سنگت اس دنیا کی فلاح کے ساتھ ساتھ آخرت میں بھی کام آئے گی اور صالحین کی سفارش اور شفاعت کے ذریعے گنہگاروں کو بخشش اور دوزخ سے چھٹکارا نصیب ہو گا۔ انہوں نے اس ضرورت پر زور دیا کہ موجودہ دور زوال میں شیطان اور نفس کے ہتھکنڈوں سے بچنے کے لیے نیک لوگوں کی صحبت اختیار کی جائے اور بری صحبت سے اجتناب کیا جائے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top