علماء کرام اختلاف کے پہلوؤں پر بحث کی بجائے اتفاق اور اتحاد کے فائدوں پر غور کریں۔ فاروق بٹ

مورخہ: 29 جون 2013ء

حکومت شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کی ذمہ داری بخوبی ادا نہیں کر پا رہی
پاکستان عوامی تحریک اسلام آباد کے صدر فاروق بٹ کی راولپنڈی، اسلام آباد کے علماء کرام سے گفتگو

پاکستان عوامی تحریک اسلام آباد کے صدر فاروق بٹ نے کہا ہے کہ حکومت شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کی ذمہ داری بخوبی ادا نہیں کر پا رہی۔ انسانی جانوں کو بے وقعت کرنے والوں کو نہ تو کوئی پکڑتا ہے اور نہ کوئی پوچھتا ہے۔ عام شہریوں کے ساتھ ساتھ غیر ملکی سیاحوں، سیاستدانوں اور علماء دین کے قتل کے واقعات کو محض دہشت گردی اور فرقہ واریت کا تسلسل قرار دے کر حکومت اپنی ذمہ داریوں سے عہدہ برآ نہیں ہو سکتی ملک بھر میں خصوصاً کراچی اورکوئٹہ میں امن وامان کی صورتحال بے حد تشویشناک ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد، راولپنڈی کے علمائے کرام سے ضلعی سیکرٹریٹ میں ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ کتنے ہی بے گناہ اور معصوم لوگوں کا خون بہایا جاچکا ہے۔ قاتل گرفتار کئے گئے اور نہ ہی ذمہ داروں کو سزا دی گئی۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ غیر ملکی سیاحوں، سیاستدانوں اور علماء کرام کے قتل کے ساتھ ساتھ ٹارگٹ کلنگ میں جاں بحق ہونے والے دیگر معصوم شہریوں کے قاتلوں تک پہنچا جائے اور انہیں کٹہرے میں کھڑا کر کے سخت سے سخت سزا دی جائے تاکہ یہ تمام شرپسندوں کے لیے باعث عبرت ہو۔

انہوں نے کہا کہ کراچی، کوئٹہ اور دیگر شہروں میں ٹارگٹ کلنگ اور دہشت گردی کی روک تھام کے لیے حکومت کے ساتھ ساتھ علماء کرام بھی توجہ دیں۔ تمام فرقوں کے درمیان ہم آہنگی پیدا کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔ علماء کرام لوگوں کے درمیان اختلاف کے پہلوؤں پر بحث کی بجائے اتفاق، اتحاد اور یگانگت کے فائدوں پر غور کریں۔ انہوں نے کہا کہ حالات کا تقاضا ہے کہ تمام مسالک سے تعلق رکھنے والے علماء مل بیٹھیں اور حالات کو بہتر کرنے کے لیے تجاویز دیں اور ملکی تعمیر و ترقی کے لیے مل کر آگے بڑھنے کے راستے تلاش کریں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top