حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے خلق عظیم نے آپکی جان کے دشمنوں کو آپکا جانثار بنا دیا۔ ڈاکٹر حسن محی الدین قادری

دین مبین کا تقاضا ہے کہ مسلمان حسن سلوک اور احترام آدمیت کے جذبے کو بیدار کریں
اچھا اخلاق آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی محبت اور یوم قیامت آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی قربت کا باعث ہوگا
تحریک منہاج القرآن شرق تا غرب کردار مصطفوی کی خوشبو پھیلا کر دعوت دین کا فریضہ انجام دے رہی ہے
ڈاکٹر حسن محی الدین القادری کا بریشیاء اٹلی میں منعقدہ ’’خلق عظیم کانفرنس ‘‘ سے خطاب

محسن انسانیت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اخلاق و کردار کا جو معیار انسانیت کو دیا ہے اس پر عمل پیرا ہو کر دنیا کو محبت اور امن کا گہورا بنایا جا سکتا ہے۔ تحریک منہاج القرآن شرق تا غرب کردار مصطفوی کی خوشبو پھیلا کر دعوت دین کا فریضہ انجام دے رہی ہے۔ نبوت اور رسالت کا دروازہ آقائے دو جہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی آمد سے ہمیشہ کیلئے بند ہو چکا۔ اللہ نے اپنے محبوب کی ذات کو اخلاق و کردار کی وہ بلندی عطا کی جو اس سے قبل کسی کو نصیب نہ ہوئی اور نہ ہی کوئی آئندہ اسکا حقدار ٹھہرے گا۔ مسلمانوں کو آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے محبت کا حق ادا کرنا ہو گا اسی سے انہیں دین کا حقیقی شعور اور کردار مصطفوی کی جھلک نصیب ہو گی۔ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے خلق عظیم نے آپکی جان کے دشمنوں کو آپکا جانثار بنا دیا تھا۔ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے درس اخلاق نے فارس کے مسلمانوں کو صوفیوں کا سردار بنا یا اوروہ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا ہی اخلاق و احسان تھا جس سے فیض پا کر حبشہ کے بلال عشق کا استعارہ بن گئے۔

ان خیا لات کا اظہار تحریک منہاج القرآن کی سپریم کونسل کے صدر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے منہاج القرآن بریشیاء کے زیراہتمام اٹلی میں منعقدہ ’’خلق عظیم کانفرنس ‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کانفرنس میں حاجی ارشد جاوید، محمد اقبال وڑائچ، سید غلام مصطفی مشہدی، چن نصیب، حاجی اشرف، سید ارشد شاہ اور بریشیاء کی تمام سیاسی اور مذہبی تنظیموں اور عوام الناس نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا کہ آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے غیر مسلموں کے ساتھ بھی حسن سلوک کا حکم دیا۔ آج کے دور میں آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے اخلاق حسنہ کو پھر سے اپنے کردار کا حصہ بنانے کی ضرورت ہے۔ اگر کوئی تواضع، عاجزی اور انکساری اختیار کرتا ہے تو یہ اس کے حسن اخلاق کا مظہر ہے جس سے وہ نہ صرف مخلوق کی نگاہ میں بلکہ اللہ تعالیٰ کے ہاں بھی مقام و مرتبہ حاصل کرنے میں کامیاب ہو جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اچھا اخلاق آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی محبت اور یوم قیامت آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی قربت کا باعث ہوگا۔ خوش اخلاقی وہ اچھا رویہ ہے جسے انسانی فطرت قبول اور پسند کرتی ہے۔ امن و سلامتی اور دین مبین کا تقاضا ہے کہ مسلمان ایک دوسرے کے ساتھ حسن سلوک اختیار کرتے ہوئے اپنے من میں احترام آدمیت کے جذبے کو بیدار کریں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top