سیلاب سے متاثر ہونے والے ہم وطنوں کی مدد میں کوئی دقیقہ فرو گذاشت نہ کریں گے۔ سید امجد علی شاہ

مورخہ: 19 اگست 2013ء

متاثرین سیلاب کی مکمل بحالی تک ہمارے مختلف فلاحی منصوبہ جات جاری رہیں گے
متاثرین سیلاب کی امداد کیلئے لاہور سمیت ملک بھر میں امدادی کیمپ لگا ئے جا رہے ہیں
منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے تحت قائم کی گئی فلڈ ریلیف کمیٹیوں کے سربراہان سے گفتگو

منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے ڈائریکٹر سید امجد علی شاہ نے کہا ہے کہ حالیہ بارشوں اور بد ترین سیلاب سے متاثر ہونے والے ہم وطنوں کی مدد میں کوئی دقیقہ فرو گذاشت نہ کریں گے۔ متاثرین سیلاب کی امداد کیلئے لاہور سمیت ملک بھر میں امدادی کیمپ لگا ئے جا رہے ہیں۔ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے تحت ملک بھر کے متاثرین سیلاب کیلئے خوراک، خیمے، کپڑے اور وبائی امراض سے بچاؤ کیلئے ادویات متاثرہ علاقوں میں روانہ کی جا ئینگی۔ وہ گذشتہ روز مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے تحت قائم کی گئی فلڈ ریلیف کمیٹیوں کے سربراہان سے گفتگو کر رہے تھے۔ اس موقع پر احمد معین، میاں افتخار، خرم شہزاد اور ثناء اللہ خان بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ دکھی انسانیت کی بلا تفریق خدمت ہمارا مشن ہے۔ جبکہ مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں مرکزی امدادی کیمپ لگا دیا گیا ہے۔ ان امدادی کیمپس میں منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے رضا کار خدمات انجام دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی خصوصی ہدایات پر متاثرین سیلاب کی مکمل بحالی تک ہمارے مختلف فلاحی منصوبہ جات جاری رہیں گے۔ سید امجد علی شاہ نے منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے کارکنان کو ہدایات جاری کیں کہ وہ خود کو متاثرین سیلاب کی خدمت کیلئے وقف کر دیں کیونکہ جب تک عملی طور پر خود کو فلاح کے کام میں شریک نہ کیا جائے متاثرین کی مشکلات کا ادراک نہ کیا جاسکے گا۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری و ادارے، حکومت، مخیر حضرات اور عوام دل کھول کر عطیات دیں تا کہ مصیبت زدہ خاندانوں اور بچوں کو جلد از جلد نارمل زندگی کی طرف لوٹایا جا سکے۔ عوام اپنی جائز ضروریات میں کمی کر کے سیلاب سے بے گھر ہونیوالے ہم وطنوں کی مدد کریں۔ سید امجد علی شاہ نے کہا کہ ایسے حالات میں کہ جب غربت نے پورے ملک میں ڈیرے ڈال رکھے ہیں اور غریب طلبہ اپنی تعلیم جاری نہیں رکھ پا رہے۔ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے غریب طلباء و طالبات کیلئے سالانہ بنیادوں پر سکالر شپ کے منصوبے پر بھی کام شروع کر دیا ہے جس سے غریب مگر ہونہار اور سیلاب سے متاثرہ سٹوڈنٹس کو سکالر شپ دی جائے گی۔ سیلاب زدہ علاقوں میں اس حوالے سے ڈیٹا جمع کرنے کا بھی کام شروع کر دیا گیا ہے۔ سید امجد علی شاہ نے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں خیمہ بستیاں لگانے کے منصوبے پر بھی غور کیا جا رہا ہے اس حوالے سے شدید متاثرہ علاقوں کا سروے کیا جا رہا ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top