پشاور: منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے زیراہتمام راشن کی تقسیم
پاکستان میں بڑھتی ہوئی مہنگائی جس نے غریبوں کا جینا دو بھر کر دیا ہے، ایسے حالات میں منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن پشاور کے تحت غریبوں، بیواؤں اور یتیموں میں مفت راشن کی تقسیم کی گئی۔ راشن کی تقسیم کے سلسلہ میں منہاج ویلفیئر فاونڈیشن نے تقریب کا انعقاد کیا، جس میں امیر تحریک پشاور ڈویژن غلام شبیر گیلانی نے خصوصی شرکت کی۔ تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک اور نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے ہوا۔ اس موقع پر ناظم پشاور ڈویژن دلدار حسین قادری، میڈیا کوآرڈینیٹر صوبہ خیبر پختو نخوا مفتی سہیل بشیر، امیر تحریک ضلع پشاور علامہ عبدالشکور منہاجین اور تحریک کے جملہ فورمز کے قائدین و کارکنان بھی شریک تھے۔ تقریب میں بیالیس بیواؤں اور یتیم خاندانوں میں پانچ من چینی، دو من گھی، ایک من چنا، پچیس کلو کھجور اور چار درجن جام شیریں تقسیم کی گئی۔
پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے علامہ عبدالشکور منہاجین نے کہا کہ دین اسلام غریبوں، مسکینوں اور یتیموں کی ضروریات کا خیال رکھنے اور انہیں پورا کرنے پر زور دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مخلوق خدا کی خدمت کرنے والا اللہ کا محبوب ہوتا ہے اور اسے دنیا و آخرت میں فوز و فلاح سے ہمکنار کیا جاتا ہے۔ قرآن و حدیث کی تعلیمات سے ہمیں امداد باہمی اور تعاون کی فضا قائم کرنے کا درس ملتا ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم تعلیمات اسلام کو حقیقی طور پر سمجھتے ہوئے اسے عملی زندگی کا حصہ بنائیں تاکہ دنیا و آخرت میں رحمت الہی کے مستحق قرار پائیں۔
پروجیکٹ کی کامیابی تحریک منہاج القرآن ضلع پشاور کے نائب ناظم حافظ شاکراللہ خان اور یونین کونسل چمکنی کے ناظم شہباز خان کی محنتوں اور کاوشوں کا نتیجہ ہے۔ تقریب کا اختتام اللہ کے حضور دعائیہ کلمات سے ہوا۔
تبصرہ